عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، ایڈمنسٹریٹر اقتدار احمد

اتوار 4 دسمبر 2016 16:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی اقتدار احمدنے کہا ہے کہ بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ بلدیہ غربی کی اولین ترجیح ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے اتوار کو بلدیہ زون میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں علاقائی معززین کے ساتھ ساتھ بلدیاتی نمائندے اور افسران بھی شریک تھے۔ علاقائی معززین نے اپنے علاقوں میں موجود مسائل سے ایڈمنسٹریٹر کو آگاہ کیا۔ ایڈمنسٹریٹر نے علاقائی معززین کو یقین دلایا کہ انتظامیہ بلدیہ غربی بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے تمام یونین کونسلوں میں صفائی ستھرائی ،کچرے کی منتقلی اور نکاسی آب کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے شب وروز جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام یونین کونسلوں میں صفائی ستھرائی ،کچرے کی منتقلی اور نکاسی آب کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے خصوصاً مساجد کے اطراف سڑکوں وگلیوں میں موجود بلدیاتی مسائل کے خاتمہ کیلئے جامعہ منصوبہ بندی اور عوامی آراء کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر کاموں کی تکمیل کو ممکن بنایا جائے۔ اجلاس میں موجود بلدیاتی افسران نے بلدیہ غربی میں جاری صفائی ستھرائی ،کچرے کی منتقلی، نکاسی آب اور ربیع الاول کے حوالے سے کئے جانے والے خصوصی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔