میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف کوالالمپور میں احتجاجی ریلی،اقوام متحدہ اورعالمی برادری سے تشدد رکوانے کا مطالبہ

سوچی روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی روکیں، ملائیشیا ہر صورت میں مسلمانوں اور اسلام کا دفاع کرے گا، ایشیا کے پڑوسی ملکوں، اقوام متحدہ اور دنیا پر زور دیا کہ وہ تشدد رکوانے کیلئے میانمار پر دبائو بڑھائیں،ملائیشین وزیراعظم کا ریلی سے خطاب

اتوار 4 دسمبر 2016 16:20

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے میانمار کی نوبل امن انعام یافتہ سیاست دان آنگ سان سوچی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں جاری روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی روکیں۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف کوالالمپور میں ایک احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔

انھوں نے ایشیا کے پڑوسی ملکوں، اقوام متحدہ اور دنیا پر زور دیا کہ وہ تشدد رکوانے کیلئے میانمار پر دبائو بڑھائیں۔ملا ئیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق کا کہنا ہے کہ آنگ سان سوچی ملک میں جاری روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی روکنے کیلئے اقدامات کریں ۔ رزاق نے نوبل امن انعام یافتہ سیاست دان کی جانب سے اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات نہ کرنے پر تنقید بھی کی۔

(جاری ہے)

نجیب رزاق نے کہا کہ میانمار کی حکومت روہنگیا افراد کے خلاف اپنے خون ریز کریک ڈان کو فوری طور پر روکے۔ خطاب میں انہوں نے آنگ سان سوچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا ہر صورت میں مسلمانوں اور اسلام کا دفاع کرے گا۔اس سے پہلے ملائیشیا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی روکنا اور خطے میں امن و استحکام یقینی بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔