فریڈم فورم انٹر نیشنل کا قیام ،ہارون خواجہ چیئرمین منتخب ،فاروق احمد تسنیم چیف کو آرڈی نیٹر

عالمی اور قومی سطح پر درپیش مسائل کی نشاندہی و حل کیلئے تھنک ٹینک کی ضرورت ہے ‘ہارون خواجہ

اتوار 4 دسمبر 2016 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) قومی و بین الاقوامی معاملات ، حالات حاظرہ اور سیاسی و سماجی مسائل پر عوام کی رہنمائی اور صاحبان اختیار کی توجہ مبذول کرانے کیلئے صوبائی دارلحکومت لاہور میں فریڈم فورم انٹر نیشنل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت ہارون خواجہ کو اتفاق رائے سے فورم کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا جبکہ فورم کے چیف کو آرڈی نیٹر معروف سماجی رہنما فاروق احمد تسنیم ،ڈپٹی کو آرڈی نیٹر ریاض ملک اور میڈیا سیکرٹری محمد بلال صابر ہوں گے۔

فریڈم فورم انٹر نیشنل لاہور کے دانشور طبقے کیلئے ایک متحرک پلیٹ فارم ثابت ہو گا جس پرعوامی اہمیت کے حامل معاملات کو اجاگر کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فورم کے چئیرمین ہارون خواجہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی عالمی و قومی سطح پر درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے تھنک ٹینک کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ شیڈو کابینہ اور اس طرح کے فورم عوامی رائے عامہ کیلئے اہم کردار ادا کرتے ہیں جو حکومت وقت کیلئے چیک اینڈ بیلنس میں بھی مدد گار ثابت ہوتے ہیں ہارون خواجہ نے کہا کہ فریڈم فورم انٹر نیشنل قومی اہمیت کے معاملات پر اپنا موقف دے گا جس سے قومی اداروں کو پالیسی کی تشکیل میں مدد حاصل ہو گی اسی طرح ادب و صحافت اور فن و ثقافت سے متعلقہ شخصیات کو بھی اس پلیٹ فارم پر مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی ماہرانہ رائے اور تجزیہ دے سکیں ۔