حکومت عوامی توقعات پر پورا اتررہی ہے، راجہ اشفاق سرور

اتوار 4 دسمبر 2016 16:10

راولپنڈی۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اتررہی ہے۔ مخالفین کے تمام ہتھکنڈوں اور رکاوٹوںکے باوجود پاکستان میں ترقیاتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں 2018 ء کے الیکشن میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)لینڈ سلائیڈ کامیابی حاصل کرے گی۔

یہ بات انہوںنے راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ (ن )کے پارٹی رہنماوں سردار محمد سلیم، ڈاکٹر جمال ناصر ، چوہدری ایاز ، مقبول احمدخان اراکین صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف ، ملک افتخار احمد ، زیب النساء اعوان ، لبنی ریحان ، ثوبیہ ستی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت ہی قومی ترقی کے مقاصد حاصل کر سکتی ہے اور اس سلسلے میں جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں ان کے ثمرات عوام تک پہنچاشروع ہو گئے ہے۔

انہوںنے بلا ول بھٹو کی طرف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف نعرہ بازی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بلاول کو اگر سیاست میں آگے آنا ہے تو وہ سیاست کے آداب بھی سیکھیں اور سینئر سیاسی رہنماوں کے خلاف بات کرتے ہوئے اخلاقیات کو نہ بھولیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرح چوہدری نثار علی خان بھی پاکستان کے محسن ہیں جنہوں نے اپنی سیاسی بصیرت ، قابلیت اور قومی سوچ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے داخلی استحکام کو مضبوط کرنے اور دہشت گری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا اور آج کراچی کا امن ان کا ہی مرہون منت ہے ۔