گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا،میاں عثمان ذوالفقار

اتوار 4 دسمبر 2016 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی برائے ’’ٹیکسٹائل اینڈ الائیڈ پروڈکٹ ‘‘ کے چیئرمین میاں محمد عثمان ذوالفقارنے کہا ہے کہ گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ،توانائی کے بدترین بحران کیوجہ سے ملک بھرکے سوسے زائد ٹیکسٹائل یونٹس بند ہوچکے ہیں جس کے سبب لاکھوں افراد بے روزگارجبکہ انڈسٹری مالکان مالی مشکلات کا شکارہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پرٹیکسٹائل کی برآمدات میں آٹھ سوفیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان میں گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ سے سوسے زائد ٹیکسٹائل یونٹس بند ہونے سے 65فیصد ایکسپورٹ متاثر ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹرکوگیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ اورٹیکس سے مستنشٰی قراردے کرگیس وبجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ مینوفیکچرزاورتاجرمقامی وعالمی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات مقابلے کی سطح پربرقراررکھ سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران ختم کیے بغیر ملک کی اقتصادی ،صنعتی اورمعاشی ترقی ممکن نہیں ہے لہذا حکومت توانائی بحران ختم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرے اورحکومت ملک بھرمیں گیس کے یکساں نرخ مقررکرے کیونکہ مہنگی انرجی اورکئی طرح کے ٹیکسوں کے بعد پیداواری لاگت بڑھ چکی ہے جس کے باعث مقامی انڈسٹری اورصنعتیں مہنگی اشیا تیارکرکے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایکسپورٹ کرنے کی حامل نہیں رہیں ۔

متعلقہ عنوان :