پی ٹی آئی پانامہ کیس میں سپریم کورٹ سے سرخرو ہو کر نکلے گی ‘ اعجاز چوہدری

قوم کے بچے بچے کی زبان پر پانامہ چوروں کی کہانیاں ہیں‘ سابق صدر پی ٹی آئی پنجاب

اتوار 4 دسمبر 2016 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی پانامہ کیس میں سپریم کورٹ سے سرخرو ہو کر نکلے گی اورنواز شریف اور ان کے درباریوںکو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ،قوم کے بچے بچے کی زبان پر پانامہ چوروں کی کہانیاں ہیں،نواز شریف سمیت پورا خاندان سخت پریشانی میں مبتلا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کی حکمرانوں کو کو ئی فکر نہیں ،قطری خاندان بھی نوازشریف اور اُس کے خاندان کو احتساب سے نہیں بچا سکتا ،حکمران ملک کے لیے بد نامی کا باعث بن رہی ہے،پانامہ کیس جوں جوں آگے بڑھ رہا ہے حکمران خاندان اور ان کے تنخواہ دار درباریوں کے چہرے مرجھاتے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز پارٹی رہنما رانا عبدالسمیع کی رہائش گا ہ پر کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان کی غیور عوام آئندہ عام انتخابات میں باریاں لینے اور ملک کو دونوں دونوں ہاتھوں سے لو ٹنے والوں سے پیچھا چھڑانے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں۔ پانامہ چور حکمران اچھی طرح جان لے اب چور مچائے شور کا فارمولہ کارگر ثابت نہیں ہوگا اور انہیں ہر صورت کٹہرے میں آنا ہوگا اور ملک وقوم کی لو ٹی ہو ئی پائی پائی کا حساب دینا ہو گا،شریف برادارن ذہین نشین کر لیں کہ قوم اب جا گ چکی ہے یہ انھیں اس دفعہ جدہ نہیں بھاگنے دے گی ۔

انہوںنے کہا کہ حکمرانوںنے پانامہ کے شور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی بم گرا دیا ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صحت کے شعبے میں انقلاب لانے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے جبکہ خود علاج کرانے بیرون چلے جاتے ہیں، لاہور سمیت صوبے بھر عوام عدم تحفظ کر شکار ہیں ،ڈاکو اور چور عوام کو سرے عام لوٹ رہے ہیں پولیس کاروائی کر نے کی بجا ئے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔