روپے کی قیمت میں کمی سے قرضوں میں171ارب کا اضافہ ہو گیا‘ یوتھ ونگ (ق) لیگ

غیر قانونی ایکسچینج کمپنیاں،ہنڈی حوالہ مافیا،سمگلنگ ملکی معیشت کو نقصان پہنچارہی ہے‘ بلال مصطفی شیرازی

اتوار 4 دسمبر 2016 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) مسلم لیگ (ق)یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ ڈالر ، سونے کی سمگلنگ ، روپے کی قیمت میں کمی سے قرضوں میں171ارب اضافہ ہو گیا ،غیر قانونی ایکسچینج کمپنیاں ،ہنڈی حوالہ مافیا، سمگلنگ ملکی معیشت کو نقصان پہنچارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں یوتھ ونگ کے کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ایک روپے اضافہ سے قرضوں کے بوجھ میں 57ارب روپے اضافہ ہوا افسوسناک ہے،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی سے مجموعی طور پر قرضوں میں171ارب کا اضافہ ہوا جس سے ملک کے مجموعی قرضوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت کے بڑھتے ہوئے قرضوں کے باعث پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ بھی لاکھوں کا مقروض پیدا ہورہا ہے حکومت معاشی پالیسیوں کی ناکامی کے باعث قرض اتارو ملک سنوار و مہم ناکام ثابت ہوئی کشکول توڑنے کے دعوے ہوا ہوئے، کشکول کا سائز بھی بڑا ہوگیا اور حکومت معاشی استحکام کے لیے قرضے لینے کا سلسلہ بند کرے اور ڈالر سونے کی سمگلنگ روکے اور ڈالر کی قیمت کو بڑھنے سے روکے ورنہ معاشی بحران بڑھتا جائے گا جو ایٹمی پاکستان کے لیے خطرہ کی گھنٹی ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :