وفاق نے خیبر پختونخوا میں سی پیک منصوبے کے مغربی روٹ پرعملی کام شرو ع نہ کیا تو بھر پور احتجاجوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا ، اسد قیصر

مغربی روٹ پر کام شروع نہ کیا گیا تو یہ نہ صرف صوبے بلکہ عوام کا معاشی قتل تصور ہوگا، وفاقی حکومت صوبے کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے،سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

اتوار 4 دسمبر 2016 15:30

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کر دیا ہے کہ اگر وفاق نے خیبر پختونخوا میں سی پیک کے منصوبے کے مغربی روٹ پرعملی کام شرو ع نہ کیا تو صوبہ کے تمام اضلاع میں وفاق کے خلاف بھر پور احتجاجوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا اور اس سلسلے میں پہلا احتجاجی جلسہ ان کے حلقہ پی کے 35صوابی5میں بمقام زیدہ سٹی منعقد ہو گا۔

جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سمیت وزراء بھی خصوصی طور پر شرکت کرینگے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو زیدہ سٹی کے دورے کے دوران کیا اس موقع پر انہوں نے سی پیک کے حوالے سے زیدہ شہر میں پچیس دسمبر کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے جلسہ عام کیلئے متعین کر دہ جگہ کا معائنہ کر نے کے علاوہ زیدہ گرائونڈ کا دورہ کیا اور محمد رفیق اور بیوہ حنیف باچا کی وفات پر ان کے رہائش گاہ پر جاکر فاتحہ خوانی کی ضلع کونسل کے رکن ذاکر الرحمن ، سید منور باچا ، ظاہر محمد یوسفزئی ، صدر پی ٹی آئی واحد خان و دیگر اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سی پیک کے منصوبے کے مغربی روٹ پر کام شروع نہ کر نے پر وفاق کے اس عمل کے خلاف عدالت عالیہ میں رٹ دائر کر دی ہے جب کہ اس کا دائرہ وسیع کر کے صوبے بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس کے مطابق اتوار پچیس دسمبر کو ان کے حلقہ پی کے 35میں زیدہ سٹی میں ایک تاریخی احتجاجی جلسہ عام ہو گا جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خان خٹک کے علاوہ وزراء اور دیگر رہنما بھی خصوصی طور پر شرکت کرینگے اور اسی طرح صوبے کے تمام اضلاع میں اس منصوبے کے حوالے سے احتجاجی جلسے ہونگے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سی پیک منصوبے کے مغربی روٹ پر عملی طور پر کام شروع نہ کیا تو یہ نہ صرف صوبے بلکہ عوام کا معاشی قتل تصور ہو گالہٰذا وفاقی حکومت ہمارے صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کا سلسلہ بند کریں انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک منصوبے کے خلاف نہیں بلکہ اس منصوبے میں خیبر پختونخوا کو مغربی روٹ کے حوالے سے نظر انداز کر نے پر وفاق کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آنے والا دور ایک بار پھر پی ٹی آئی کا ہے اس ملک کا وزیر اعظم عمران خان ہو گا جو پاکستان کا تقدیر بدل دے گا انہوں نے واپڈا حکام پر زور دیا کہ وہ زیدہ فیڈر پر لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند کر کے شیڈول کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جائے انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پچیس دسمبر کو زیدہ سٹی میں ہونے والے وزیر اعلیٰ کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لئے بھر پور تیاریوں کاآغاز کریں ۔