پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر پارٹنر این جی اوز کے تعاون سے تقریب کا انعقاد

اتوار 4 دسمبر 2016 15:30

لاہور۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبل،محکمہ سوشل ویلفیئر اورمحکمہ خصوصی تعلیم کے اشتراک سے گزشتہ روز خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر الحمرا ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں امین مکتب‘رائزنگ سن‘کرن ویلفیئر فائونڈیشن‘عزیز جہاں ٹرسٹ‘الاحسان آئی ہسپتال‘ فائونٹین ہائوس‘فلاح فائونڈیشن‘آئی ڈی سی‘عنایت فائونڈیشن اور دیگر پارٹنر این جی اوز نے شرکت کی۔

پروگرام کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف تھے ۔صوبائی وزیر ذکیہ شاہنواز، چوہدری محمد شفیق، ڈائریکٹر آپریشن پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی‘ خصوصی بچوں کی بڑی تعداد ان کے والدین اور اساتذہ بھی تقریب میںشریک تھے ۔

(جاری ہے)

پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے خطبہ استقبالیہ دیا اور ادارہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج خصوصی افراد کا حوصلہ بڑھانے کا دن ہے۔ خصوصی بچے صلاحیتوں اور قابلیت میں عام بچوں کے مقابلے میں کم نہیں اور ان بچوں میں آگے بڑھنے کا بے پناہ جذبہ موجود ہے۔ خصوصی بچے اپنے عزم ، حوصلے اور جذبے سے زندگی کے نامساعد حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ اگرچہ یہ بچے بعض صلاحیتوں سے محروم ہیں لیکن قدرت نے انہیں بعض خصوصی صلاحیتیں بھی عطا کی ہیں ۔

خصوصی بچے سماج کیلئے بوجھ نہیں بلکہ یہ بوجھ بانٹنے کیلئے اپنی صلاحیتیں استعمال کر رہے ہیں۔ اس تقریب میں ان بچو ںکی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ بچے بھرپور صلاحیتوں کے مالک ہیں۔جو افراد یا ادارے اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں وہ دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں اور یہ صدقہ جاریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف ہر سال خصوصی افراد کی تقریب میں شرکت کرکے اپنی بھیگی ہوئی آنکھوں سے پیغام دیتے ہیںاوران کاخصوصی افراد کی بحالی میں مصروف اداروں کیساتھ تعاون،خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت اوربحالی کیلئے انقلابی اقدامات لائق تحسین ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ خصوصی افراد کی فلاح کیلئے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایاگیا ہے جس کے تحت 72ہزار خصوصی افراد کو خدمت کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں جن کے ذریعے انہیں ہر ماہ 1200روپے کی خصوصی امداد دی جارہی ہے جبکہ ٹرسٹ خصوصی افراد کے لئے قرضے حسن سکیم بھی شروع کررہا ہے ۔انہوں نے وزیر اعلی سے سالانہ گرانٹ میں اضافہ کا مطالبہ کیا جسے انہوں نے بڑھا کر ایک ارب روپے سالانہ کر دیا۔

متعلقہ عنوان :