روس عالمی حالات کے تحت پاکستان سے دوستی استوار کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے،بیرسٹر سلطان محمود

امریکہ ، بھارت سے کھلم کھلا دوستی استوار کر رہا ہے، روس غیر جانبداری برقرار رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم بند کرائے ،خطے میں مثبت کردار ادا کرے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

اتوار 4 دسمبر 2016 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ روس اب بین الاقوامی حالات کے تحت پاکستان سے دوستی استوار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے ۔ امریکہ ، بھارت سے کھلم کھلا دوستی استوار کر رہا ہے۔ اب روس بھی اپنی غیر جانبداری برقرار رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم بند کرائے اور اس خطے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

جبکہ چین مسئلہ کشمیر کی دوٹوک الفاظ میں حمایت کر رہا ہے۔ اسلئے ماضی میں جسطرح بھارت کا سابق سویت یونین اور موجودہ روس سے دفاعی معاہدہ تھا وہ معاہد موجودہ حالات میں قائم نہیں رہ سکتا لہذا روس کشمیری عوام کی کھل کر حمایت کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر روسی سفاتخانے کی عہدیدار اینا میکرنیکوواہ سے ایک ملاقات میں کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ روس کے صدر ولادمیر پوٹن دنیا میں اپنی اچھی شہرت بھی کما چکے ہیں اور جب وہ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے موقف کی حمایت کریں گے اور وہاں جاری مظالم و بربریت کی مزمت کریں گے اور روس چونکہ سلامتی کونسل کا مستقل رکن بھی ہے اسلئے مسئلہ کشمیر پروہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔