حکومت خواتین کو معاشرے میں عزت وتکریم دلانے کے لئے سرگرم عمل ہے‘ ملک اقبال چنڑ

حکومت پنجاب نے سرکاری نوکریوں اور تقرریوں میں نہ صرف خواتین کے لئے خصوصی کوٹہ مختص کیا ہے ‘ وزیر امداد باہمی

اتوار 4 دسمبر 2016 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو معاشرے میں عزت وتکریم دلانے کے لئے سرگرم عمل ہے اورمؤثر قانون سازی کے ذریعہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنا کر انہیں معاشرے کا فعال رکن بنانے کے لئے ٹھوس اور پائیدار عملی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ چولستان کوآپریٹیو وول ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ دین اسلام میں خواتین کو حقوق و تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خواتین کا بھی فرض ہے کہ وہ عائلی زندگی سمیت دیگر تمام معمولات زندگی میں مذہبی تعلیمات کے مطابق کردار و عمل اپنائیں۔

انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب نے سرکاری نوکریوں اور تقرریوں میں نہ صرف خواتین کے لئے خصوصی کوٹہ مختص کیا ہے بلکہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے زیر انتظام سمیت دیگر سرکاری نوکریوں میں خواتین کی اہلیت میں عمر کی شرط میں 38سال تک توسیع کر کے عملاً ثابت کر دیا ہے کہ حکومت خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات خواتین کو سرکاری نوکریوں کے حصول میں کسی دشواری سے بچانے کے لئے اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین میں ٹیلنٹ، قابلیت اور محنت کی ہرگز کمی نہیں ہے اور نہ ہی حکومت خواتین کے ٹیلنٹ کو ضائع ہونے دے گی بلکہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر ملک وقوم کی خدمت کے یکساں مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ خاتون اپنے خاندان اور ملک کی بہتر انداز میں خدمت کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازی کے ذریعہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے لیکن معاشرہ کے تمام طبقات کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو معاشرے میں جائز مقام دلانے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔سیمینار سے ڈپٹی رجسٹرار کوآپرٹیو رانا محمد ولایت، اسسٹنٹ رجسٹرار شیریں بہار، انسپکٹر کوآپریٹیو سوسائٹیز ثانیہ اسلم نے بھی عورتوں پر تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور معاشرتی ناہمواریوں کے حوالہ سے اظہار خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :