آلو کے کوڑھ ، مائیکوپلازما اور وائرس سے بچانے کیلئے کاشتکاروں کو فوری تدارکی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی

اتوار 4 دسمبر 2016 14:31

فیصل آباد۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) اوکاڑہ ، شیخوپورہ ، چنیوٹ، ساہیوال،میاں چنوں میں آلو کی فصل کے بڑھوتری کے اہم مرحلے میں داخل ہونے کے باعث اسے مختلف بیماریوں پچھیتا جھلسائو، مرجھائو، آلو کی عمومی ماتا، آلو کے کوڑھ ، مائیکوپلازما اور وائرس سے بچانے کیلئے کاشتکاروں کو فوری تدارکی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار مذکورہ فصل کی بڑھوتری کے اہم مرحلہ میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔

ایک ملاقات کے دوران ماہرین سبزیات نے بتایا کہ پچھیتا جھلسائو کی بیماری ایک مخصوص پھپھوند کے حملہ سے پھیلتی ہے جو 10سی25 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت اور ہوا میں 80سی100 فیصد نمی موجود ہونے پروبائی شکل اختیار کرلیتی ہے جس سے شروع میں پتوں پر نمدار ٹیڑھے سے دھبے نظرآتے ہیں جو فوراً زردی مائل اور تمام پودے پر پھیلنے سمیت بعد ازاں سیاہی مائل ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وبائی حملہ کی صورت میں اگر فوراً سدباب نہ کیا جائے تو ساری فصل ایک دودن میں تباہ ہوجاتی ہے اور پودے گل سڑجانے کی وجہ سے سپرٹ جیسی بوآنے لگتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حملہ شدہ فصل کے آلوسٹور میںجبکہ بیماری کی شدت کی صورت میں آلوزمین کے اندر ہی گل سڑجاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار فصل ختم ہونے پر پسماندہ فضلات کو جمع کرکے جلادیںکیونکہ جڑی بوٹیوں کا مکمل سدباب ضروری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ فصل پر بیماری شروع ہونے سے پہلے یا شروع ہوتے ہی موزوں پھپھو ند کُش زہر پانی میں ملاکر سپرے کیاجائے اوریہ عمل 8 سی10دن کے وقفہ سے دہرایاجائے تاہم اگر موسم زیادہ نمدار اور ابرآلود ہوجائے اور بارش ہونے لگے جس سے ہوا میں نمی بڑھ جائے اور درجہ حرارت کم ہوجائے توحفظ ماتقدم کے طورپر محکمہ زراعت توسیع وپیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کی مشاورت سے مناسب پھپھوند کش زہریں پانی میں ملاکرسپرے کیاجائے ۔

انہوںنے کہاکہ اگر موسم زیادہ دن تک ابرآلود اور نمدار رہے تو اس عمل کو 8 سے 10دن کے وقفے سے دہرایاجائے ۔انہوںنے بتایاکہ آلو کے سوکا یا مرجھائوکی بیماری بھی ایک پھپھوند کے حملہ سے پھیلتی ہے جس کے حملہ سے آلو کے پودے یا تو اگتے ہی نہیں یا اگتے ہی مرجھاکر مرجاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ متاثرہ پودوں کے نچلے پتے زرد ہونا شروع ہوجاتے ہیں اور یہ بیماری پودے پر کسی وقت بھی حملہ آورہوسکتی ہے لہٰذا اس بیماری کے انسداد کیلئے صحت مند بیج پھپھوند کش زہرمیں بھگو کرکاشت کیاجائے اورمتاثرہ فصل کی آبپاشی کا دورانیہ بھی کم کردیاجائے۔