محکمہ زراعت نے 15دسمبر تک گندم کی کاشت کی صورت میں فی ایکڑ 60کلوگرام بیج استعمال کرنے کی ہدایت کردی

اتوار 4 دسمبر 2016 14:30

فیصل آباد۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)محکمہ زراعت نے 15دسمبر تک گندم کی کاشت کی صورت میں فی ایکڑ 60کلوگرام بیج استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ بروقت کاشت نہ ہونے سے گندم کی پیداوار میں بتدریج کمی آناشروع ہوجاتی ہے اس لئے کاشتکار شرح بیج بڑھا دیں۔ محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار گندم کی منظور شدہ ترقی دادہ اقسام کاشت کریں نیز بیج کے اگائو کی شرح 85فیصد سے کم نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آبپاش علاقوں کے کاشتکار اوسط ذرخیز زمین میں کاشت کے وقت ڈیڑھ بوری ڈی اے پی، آدھی بوری یوریا، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ یا 4بوری سنگل سپر فاسفیٹ18فیصد، ایک بوری یوریا اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں جبکہ پہلے پانی کے ساتھ ایک بوری یوریا یا پونے دو بوری امونیم نائٹریٹ فی ایکڑ ڈالیں۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار ریتلی زمینوں میں پہلا پانی لگانے کے بعد نائٹروجنی کھاد کا استعمال تروتر میں کریں کیونکہ نائٹروجنی اور فاسفورسی کھادوں کے متناسب استعمال سے گندم کی پیداوار میں 5سے 10 من فی ایکڑ اضافہ ممکن بنایاجاسکتاہے۔