انسانی حقوق کیلئے خدمات دینے والے افراد اور تنظیموں کو قومی ایوارڈز دینے کی تقریب 10 دسمبر کوہو گی

انسانی حقوق پر کام کرنے والے افراد اور تنظیموں کو ایوارڈ ز دینے کیلئے چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز اور اسلام آباد میں انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

اتوار 4 دسمبر 2016 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء)انسانی حقوق کے سلسلہ میں خدمات دینے والے افراد اور تنظیموں کو قومی ایوارڈز دینے کی مرکزی تقریب 10 دسمبر کو انٹرنیشنل ہیومین رائٹس ڈے کے موقع پر ہو گی جس میں سات مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات دینے والے انسانی حقوق، اقلیتوں کے حقوق، خواتین کے حقوق، شعبہ صحافت، پی ڈبلیو ڈیز اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی دینے والے منتخب افراد کو ایوارڈز دیئے جائیں گ۔

انٹرنیشنل ہیومین رائٹس ڈے کی بین الاقوامی تقریبات کے موقع پر وزات انسانی حقوق نے ملک بھر سے انسانی حقوق پر کام کرنے والے افراد اور تنظیموں کو ایوارڈ ز دینے کے حوالہ سے چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز اور اسلام آباد میں انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں گزشتہ روز وزارت انسانی حقوق کی کمیٹی برائے ایوارڈز کی اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے سینیٹر کامران مائیکل نے کمیٹی کو واضع ہدایت دی کہ یہ ایوارڈز حقدار افراد کو صرف میرٹ پر دیئے جائیں۔

نیشنل ہیومین رائٹس ایوارڈز کمیٹی کے اجلاس میں دیگر ممبران کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری حمیر ا اعظم نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں بسنے والے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔