سرتاج عزیز کی چار ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات

خطہ کیلئے افغانستان میں استحکام ، سیکیورٹی اور خوشحالی ناگزیر ہے ،ْملاقات میں بھارتی وزیر اعظم کی گفتگو

اتوار 4 دسمبر 2016 14:30

امر تسر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے 4ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ افغانستان بارے استنبول مذاکراتی عمل کی چھٹی وزارتی کانفرنس کے موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیر نے کرغزستان ، ایران، افغانستان اور سلواکیہ کے وزراء خارجہ کے ہمراہ نریندر مودی سے ملاقات کی۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ویکاس سوادپ نے میڈیا کو بتایا کہ مودی نے وزرائے خارجہ کا خیر مقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کو موجودہ درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئے اجتماعی طورپر کام کرنا خطہ کے تمام ممالک کی ذمہ داری ہے ،ْ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انہوں نے افغانستان کی قیادت اور عوام سے کئی مرتبہ بالمشافہ ملاقاتیں کی ہیں جن کے دوران وہ اس بات پر قائل ہوئے ہیں کہ افغان عوام مسلسل دہشتگردی اور تشدد کے واقعات سے اکتا گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سوارپ نے بتایا کہ انہوں نے خطہ اور افغانستان میں ترقی ، سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے تشدد اور دہشتگردی کے خاتمہ کی ضرورت پر زور دیا اور اس تناظر میں وزیر اعظم نے توقع ظاہر کی کہ وزارتی کانفرنس نتیجہ خیز ہوگی۔ بھارتی وزیر اعظم مودی سے وزارء خارجہ نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ خطہ کیلئے افغانستان میں استحکام ، سیکیورٹی اور خوشحالی ناگزیر ہے۔ سوراپ نے بتایا کہ وزراء خارجہ نے اعتماد کا اظہار کیا کہ افغانستان کے تمام دوست امن اور ترقی کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے مل کر کام کرینگے ۔