حکومت راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں سیز فائرلائن پربسنے والوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے،راجہ مقصود احمد خان

تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال سماہنی میں محکمہ صحت عامہ کا عملہ حاضر ہوگیاہے حلقہ کے عوام وزیراعظم کے شکرگزارہیں آئندہ چند دنوں میں بجلی کی کم وولٹیج ، لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی و دیگرمسائل بھی حل ہونگے،صدر (ن) لیگ ضلع بھمبر

اتوار 4 دسمبر 2016 14:30

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) مسلم لیگ (ن) ضلع بھمبرکے صدر و سابق ممبراسمبلی وممبرکشمیرکونسل راجہ مقصود احمد خان نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدر خان کی سربراہی میں سیز فائرلائن پربسنے والوں کے جملہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایات پر تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال سماہنی میں محکمہ صحت عامہ کا عملہ حاضر ہوگیاہے جس پر حلقہ سماہنی کے عوام وزیراعظم کے شکرگزارہیں۔

آئندہ چند دنوں میں سماہنی میں بجلی کی کم وولٹیج ، لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی اور دیگرمسائل بھی حل ہونگے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کی طرف سے ایل او سی کے پیکیج پر بھی جلد عملدرآمد ہوگاجس سے ایل او سی کے عوام کے جملہ مسائل حل ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

وہ یہاں متاثرین سیز فائرلائن کے نمائندہ وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ راجہ مقصود احمد خان نے کہاکہ سیز فائرلائن پر آباد شہریوں نے جس جوانمردی ، بہادری اور دلیری سے بھارتی جارحیت کو ناکام بنایاہے وہ قابل تحسین ہے۔

انھوں نے کہاکہ سیز فائر لائن پر آباد شہریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارت کی ہرقسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسی وجہ سے بھارت کی ظالم فوج ایک انچ بھی سیز فائرلائن کراس نہیں کرسکتی۔ انھوں نے کہاکہ مسلح افواج پاکستان کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ انھوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ کی طرف سے سیز فائرلائن پر اگلے مورچوں کا دورہ کرنے کو بھی سراہتے ہوئے کہاکہ نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بھی مسئلہ کشمیر پرمضبوط موقف ہے جس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت اور پاک فوج کی ہائی کمان میں باہمی اتفاق اور مسئلہ کشمیر پر موقف سے کشمیریوں کی آزادی کی نوید دیکھائی دے رہی ہے ۔ انشاء اللہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر بھارت کے چنگل سے آزاد ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :