کشمیریو ں کو درپیش مصائب ،مشکلات کا اصل سبب بھارت نواز سیاست دان ہیں، حریت کانفرنس

بھارت نواز رہنما ڈھٹائی ،بے شرمی اور بے ضمیری کی تمام حدود پھلانگ کر لاشوں اور لہو کے عوض اپنی کرسیوں سے چمٹے ہوئے ہیں،ترجمان

اتوار 4 دسمبر 2016 14:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے کے بھارت نواز سیاست دان بھارتی مفادات کی حفاظت کیلئے 1947سے انتہائی مکارانہ حربے استعمال کرتے رہے اور کشمیریو ں کو درپیش مصائب اور مشکلات کا اصل سبب یہی لوگ ہیں۔ کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نواز سیاست نام نہاد انتخابات کے موقع پر مسئلہ کشمیر کے حل اور دیگر دلکش نعروں سے کشمیریوں کے ووٹ بٹورنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جب یہ لوگ اقتدار میں آتے ہیں تو اپنی تمام توانائیاں جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو دوام بخشے میں صرف کرنے لگتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارت نواز جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی کٹھ پتلی حکومت نے اس وقت پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل خانے میں تبدیل کر دیا ہے اور گزشتہ پانچ ماہ سے یہاں کے اطراف و اکناف میں جبر واستبداد کا ایک بازار گرم ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اس وقت ہزاروں کشمیری جیلوں، تھانوں اور تفتیشی مراکزمیں بند ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ وادی میں ہر دن کا سورج ایک نئی قیامت لیکر طلوع ہوتا ہے اور ہر شام خوف و دہشت کے عمیق اندھیروں کے ساتھ سایہ فگن ہوتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ رات کے وقت گھروںپرچھاپوں کے دوران خواتین ، بچوں اور معمرافراد سمیت مکینوںکو مارپیٹ کا نشانہ بنایاجاتاہے جبکہ نوجوانوںکو پکڑ کر تھانوں میں پہنچا دیاجاتاہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نواز رہنما ڈھٹائی ،بے شرمی اور بے ضمیری کی تمام حدود پھلانگ کر لاشوں اور لہو کے عوض اپنی کرسیوں سے چمٹے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :