علم مرتے وقت تک حاصل کیا جاسکتا ہے ،دین پر چلنے والے لوگ انتہاء پسند نہیں ہوسکتے،سردار عتیق احمد خان

اسلام کی وجہ سے دنیا میں فساد نہیں منفی رویوں کی وجہ سے فساد پیدا ہوتے ہیں جس معاشرے میں فاتحہ خوانی پر ایک پارٹی کا کارکن دوسری پارٹی کے رہنمائوں کو منع کرے وہ معاشرہ کیا ترقی کریگا،محفل میلاد النبی ؐ سے خطاب

اتوار 4 دسمبر 2016 14:30

مظفر آبا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ علم مرتے وقت تک حاصل کیا جاسکتا ہے مگر اچھی تربیت بچپن میں ہی حاصل ہوسکتی ہے، دین پر چلنے والے لوگ انتہاء پسند نہیں ہوسکتے،اسلام کی وجہ سے دنیا میں فساد نہیں منفی رویوں کی وجہ سے فساد پیدا ہوتے ہیں۔

جس معاشرے میں فاتحہ خوانی پر ایک پارٹی کا کارکن دوسری پارٹی کے رہنمائوں کو منع کرے وہ معاشرہ کیا ترقی کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفائی ایجوکیشن سسٹم کے زیر اہتمام محفل میلاد النبی ؐ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ خاتم النبینؐ کی تعلیمات ہی اسلام کی اصل اساس اور بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

کائنات کیلئے قیامت تک ہر شعبہ زندگی میں آپ ؐکی تعلیمات رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوںنے کہا کہ سکولوں اور کالجز میں تربیت کا بہترین ذریعہ محافل میلاد ہیں جہاں بچوں کو تلاوت ، نعت ، تقاریر کی بہترین تربیت اور اُس پر بہترین عبور حاصل ہو جاتا ہے۔ اسلام دنیا کی واحد تہذیب ہے جو دنیا و آخرت کی بات کرتا ہے۔ ذکر کے کلمات سے دل کو سکون ملتا ہے اور انسان کے اندر خوف خدا پیدا ہوتا ہے۔ دین پر چلنے والے لوگ انتہاء پسند نہیں ہوسکتے، تقریب سے ڈائریکٹر مصطفائی ایجوکیشن سسٹم اشتیاق بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال سے ادارہ تعلیمی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

مصطفائی ایجوکیشن سسٹم نے میرپور بورڈ سے پہلی پوزیشن حاصل کی ، پاکستان نعت کونسل میں پورے پاکستان میں سید امامہ گیلانی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی سردار عتیق احمد خان نے بہترین کارکردگی کے حامل طلباء و طالبات سمیت اساتذہ میں شیلڈ تقسیم کیں۔ محفل میلاد میں سابق وزیر حکومت مرتضیٰ گیلانی، دیوان چغتائی،راجہ ثاقب مجید، شمیم ملک ،سجاد عباسی پیپلزپارٹی کے رہنماشوکت جاوید میر، سمعیہ ساجد،ہارون آزاد،تصور موسوی،سید وقاص گیلانی،تاج چک،راجہ افتخاراکرم،قذافی الطاف،ارشاد مغل ، یاسر نقوی سمیت طلباء و طالبات کے والدین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔

سردار عتیق احمد خان نے بہترین کارکردگی کے حامل طلباء وطالبات کو بھی مبارکباد پیش کی اور ادارہ کی کاوشوں کو سراہا جنہوںنے مختصر مگر بہترین محفل کا انعقاد کیا۔ بچوں کی پرفارمنس سے دیکھ کر محفل سے جانے کا دل نہیں کیا انہوںنے کہا کہ بہت ساری مصروفیات تھیں جو ترک کر کے پوری تقریب میں موجود رہا۔

متعلقہ عنوان :