افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، سرتاج عزیز

پاکستان کا امن و استحکام افغانستان میں امن سے مشروط ہے، پاکستان سیاسی مفاہمت کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا‘ پاکستان افغان مسئلے کے سیاسی حل کے لئے پر خلوص کوششیں کر رہا ہے،مشیر خارجہ کی افغان صدر سے گفتگو مشیرخارجہ سرتاج عزیزسے اجیت دوول کی بھی ملاقات،پاک بھارت تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

اتوار 4 دسمبر 2016 14:30

امرتسر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، پاکستان کا امن و استحکام افغانستان میں امن سے مشروط ہے،پاکستان سیاسی مفاہمت کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔اتوار کو بھارتی شہر امرتسر میں جاری ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کی سائیڈ لائن میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات ہوئی جس میں افغانستان میں پائیدار امن، ترقی و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مسئلے کے سیاسی حل کے لئے پر خلوص کوششیں کر رہا ہے، افغانستان میں قیام امن کے لئے بھرپور کردار ادا کرتا رہیں گے جب کہ افغان دھڑوں میں سیاسی مفاہمت کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، پاکستان سیاسی مفاہمت کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ملاقات میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان بھارت سے بھی دہشت گردی پر بات کے لئے تیار ہے لیکن کانفرنس کے دوران پاکستان کشمیر کے مسئلے پر بات نہیں کرے گا۔دریں اثناء بھارتی مشیرقومی سلامتی اجیت دوول کی بھی مشیرخارجہ سرتاج عزیزسے ملاقات ہوئی جو30 منٹ تک جاری جاری رہی۔ملاقات میں پاک بھارت تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔