پی ٹی آئی کا بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 2018 میں ملک کے وزیراعظم بننے کی خواہش کا خیر مقدم

پاناما لیکس ملک کا بڑا مسئلہ ہے جس کو اٹھانے میں پی ٹی آئی کا اہم کردار رہا ہے ،ْ علی محمد خان بلاول بھٹو ذو الفقار علی بھٹو کی طرح عوام میں آ جائیں ،ْ بہت خوش ہوں بلاول جیسا ایک نوجوان سیاستدان قومی اسمبلی میں آئیگا ،ْ انٹرویو

اتوار 4 دسمبر 2016 14:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 2018 میں ملک کے وزیراعظم بننے کی خواہش کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں علی محمد خان نے کہا کہ میں بلاول بھٹو زر داری کو اس مقابلے میں خوش آمدید کرتے ہوئے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جیت وہی ہوتی ہے جو میدان جنگ میں ہو۔

انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت کے چیئرمین عمران خان ایک کھلاڑی رہے ہیں لہذا ہمیں مقابلے میں مزہ آتا ہے ،ْ یہ جنگ بلاول کیلئے کوئی نئی نہیں ہے اور ماضی میں ان کا خاندان کافی قربانیاں بھی دے چکا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قیادت کبھی بھی ورثے میں نہیں ملتی بلکہ یہ کمائی جاتی ہے، لہذا میں بلاول سے یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اب ذوالفقار علی بھٹو کی طرح عوام میں جائیں۔

(جاری ہے)

اس سوال پر کہ کیا آپ سمجھتے ہیں صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مقابلے میں اب پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے مدمقابل ہی علی محمد خان نے کہا کہ اگر ووٹوں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو پیپلز پارٹی سے کسی قسم کا خطرہ نہیں لیکن نظریاتی طور پر یہ ماضی میں ایک عام مزدور کی آواز رہی ہے جسے ہم نظر انداز نہیں کرسکتے۔انہوںنے کہاکہ وہ بہت خوش ہیں کہ بلاول جیسا ایک نوجوان سیاستدان قومی اسمبلی میں آئیگا تاہم انہیں یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ رہنما ہمیشہ ایک تحریک اور جدوجہد سے سامنے آتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج آپ کراچی سے خیبر تک کسی سے بھی سوال کریں کہ نواز شریف کے بعد اگلا وزیراعظم کس کو ہونا چاہئے تو جواب میں عمران خان کا نام ہی آئے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاناما لیکس ملک کا بڑا مسئلہ ہے جس کو اٹھانے میں پی ٹی آئی کا اہم کردار رہا ہے۔