مویشی پال حضرات کو خوشحال بنانے کیلئے مختلف تربیتی پروگرامز شروع

اتوار 4 دسمبر 2016 13:50

فیصل آباد۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میں مویشی پال حضرات کو خوشحال بنانے کیلئے مختلف تربیتی پروگرامز شروع کردیئے گئے ہیں جن میں فارمرز ڈیز ، کسان میلہ جات ، سیمینارز ، ورکشاپس ، کانفرنسز بھی شامل ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے بتایاکہ پنجاب میں زراعت کے بعد سب سے زیادہ دیہی آبادی کے لوگ لائیو سٹاک و ڈیری سیکٹر سے وابستہ ہیں اور ان کا گزارہ زراعت کے بعد گوشت و دودھ کی پیداوار کی فروخت سے حاصل ہونیوالی آمدنی سے ہوتاہے ۔

انہوںنے بتایاکہ چونکہ خواندگی کی شرح انتہائی کم اور دور دراز کے دیہی علاقوں تک جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کی سہولیات بھی معدوم ہیں لہٰذا مویشی پال حضرات ودیہی افراد اس انداز میں جدید رجحانات سے استفادہ کرکے پیداوار نہیں بڑھا پا رہے جس طرح ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے کمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن سیکشن نے مویشی پال حضرات کو خوشحال بنانے کیلئے خصوصی پروگرامز کا سلسلہ شروع کیاہے تاکہ دیہی علاقوں کے مویشی پال افراد کو بہتر تربیت کے مواقع میسر آ سکیں۔

انہوںنے کہاکہ ان اقدامات سے جہاں دیہی علاقہ کے لوگوں کی کپیسٹی بلڈنگ ہو رہی ہے وہیں انہیں جدیدپیداواری ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کا بھی موقع مل رہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ماہرین لائیو سٹاک دیہی علاقوں کے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی تربیت فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ خود اس سے مستفید ہو نے سمیت بہتر انداز میں جانوروں کی افزائش کرکے ان کی پیداوار بڑھانے کے علاوہ دیگر افراد کو بھی موٹیویٹ کرسکیں۔