فیصل آباد میں گنداپانی 335 ملین کیوبک تک پہنچ گیا، ترجمان واسا

اتوار 4 دسمبر 2016 13:50

فیصل آباد۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)فیصل آباد میں روزانہ پیداہونے والا گنداپانی 335 ملین کیوبک تک پہنچ گیا ہے جس میں 130ملین کیوبک فٹ صنعتی پانی اور 200ملین کیوبک فٹ گھریلو پانی بھی شامل ہے۔واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ پانی میں سے صرف 10 فیصد کو ٹریٹ کیا جبکہ باقی گندے پانی کو نکاس کیلئے مدوآنہ اور پہاڑنگ ڈرین میں ڈال دیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گندے پانی کی ٹریٹمنٹ کیلئے 3 منصوبے ابتدائی مراحل میں ہیں جن کی منظوری کے بعد غیر ملکی ایجنسیوں سے فنڈنگ حاصل کی جائیگی۔ انہوںنے ماحولیاتی مسائل کے جامع حل کیلئے تمام محکموں میں قریبی رابطوں پر زور دیا اور کہا کہ انہیں مسائل اور وسائل کے درمیان توازن کو برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کیلئے راستے ہموار کرنا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مستقبل کی نسلوں کیلئے صاف ماحول کی فراہمی کیلئے فوری جامع ، منظم اور مربوط منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں دنیا گلوبل ویلج بن گئی ہے اس لئے ہمیں عالمی قوانین کی پابندی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ اور ترقی یافتہ ممالک کو اپنے قانون اور ضابطوںکو زمینی حقائق سے ہم آہنگ کرنے کا موقع ملا جبکہ ہمیں ارتقائی عمل کیلئے مناسب وقت نہیں ملا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی بحران اور کاروبار میں غیر مساوی مواقعوںسے صنعت و تجارت کیلئے مسائل پیدا ہوئے اور ان حالات میں ان کیلئے سماجی ذمہ داریوں کو پورا کرنا یقینا مشکل ہے تاہم پنجاب میں ماحولیات سے متعلق قوانین پر مغربی معیارات کے مطابق عمل نہیں کیا جا رہا اس لئے ہمیں واضح اور غیرمبہم انداز میں آئندہ کیلئے منصوبہ بندی کر لینی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ مستقبل کے چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ منصوبہ بندی کم از کم 15 سے 20 سالوں کیلئے ہونی چاہیے تاکہ بعد ازاں کسی مسئلہ کاسامنا نہ کرناپڑے۔