پانی کی فراہمی سے زرعی اجناس کی پیداوارمیں بھی اضافہ متوقع ہے،ترجمان محکمہ انہار

اتوار 4 دسمبر 2016 13:50

فیصل آباد۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) محکمہ انہار فیصل آباد زون کاڈرینج سسٹم 1474 میل طویل سیم نالوں پر مشتمل ہے جبکہ2399 میل لمبی راجباہوں اور 6709موگاجات کے ذریعے زرعی اراضی کو سیراب کرنے کیلئے پانی فراہم کیاجارہاہے نیزپانی کی فراہمی 46060 کیوسک ہونے سے زرعی اجناس کی پیداوارمیں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔ترجمان محکمہ انہار فیصل آباد زون نے بتایاکہ فیصل آباد زون کی مین کینالز اور برانچز کی لمبائی 454 میل ہے جبکہ 38 میل پر محیط اسکیپ چینلز اور 103 میل لمبی کیو بی لنک کنال اس کے علاوہ ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ قادر آباد بیراج کی حد میں آنیوالے گوجرانوالہ و حافظ آباد کے رسول نگر ڈرینج سسٹم کی لمبائی 22.31 میل ہے جبکہ فیصل آباد ڈرینج سسٹم کے تحت آنیوالے جڑانوالہ مین ڈرین ، بڑھ چنیوٹ ڈرین،احمد پور ویگ ڈرین ،احمد پور کوٹ نکہ ڈرین ،کالو تارڑچھمب ڈرین ، انڈیپنڈنٹ ڈرین ، نالہ ڈیک وغیرہ کی لمبائی 682 میل پر محیط ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ سمندری ڈرینج سسٹم 790میل لمبے اے کے این ڈرین ، چنیوٹ ڈرین ،چک بندی ڈرین ،سمندری مین ڈرین، گوجرہ کھیوڑہ ڈرین ، ٹوبہ خیر والا ڈرین ،جھنگ انڈیپنڈنٹ ڈرین پر مشتمل ہے۔

انہوںنے بتایاکہ ڈرینج سسٹم کے قریبی علاقوں میں واقع بڑی بڑی فیکٹریوں اور کارخانوں میں حکومتی ہدایات کے باوجود واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ لگائے گئے ہیں اور کارخانوںکاکیمیکل ملا مضر صحت پانی ان ڈرینج میں گر رہاہے جس سے آبی حیات تباہی کا شکار ہو رہی ہیں مگر متعلقہ محکمے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کر رہے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ ایل سی سی سسٹم سے پانی کا اخراج 12243کیوسک ہے جسے نظر ثانی کرکے 15528کیوسک تک بڑھایا جارہاہے ۔

انہوںنے بتایاکہ زمینی پانی کے تجزیہ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ فیصل آباد زون کا 38 فیصد پانی میٹھا اور 62 فیصد کھاراہے۔ انہوںنے کہاکہ کھارا پانی زرعی پیداوار کو نقصان پہنچانے کا موجب بن رہاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ اس وقت فیصل آباد کی 9نہروں میں 35100کیوسک پانی چھوڑاجارہاہے جس سے کاشتکاروں کی پانی کی مطلوبہ ضروریات پوری کرنے سمیت زرعی اجناس کی بمپر کراپس بھی حاصل ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :