چھٹی انٹیریئرز نمائش کی کامیابی صرف ہماری نہیں بلکہ پاکستان کی کامیابی ہے ‘ چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچرکونسل

غیر ملکی وفود کا پاکستان کی فرنیچر مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق قرار دینا ہمارے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے ‘ میاں کاشف اشفاق

اتوار 4 دسمبر 2016 13:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ایکسپو سنٹر لاہور میں منعقد ہونے والی چھٹی انٹیریئرز نمائش کی کامیابی صرف ہماری نہیں بلکہ پاکستان کی کامیابی ہے ، نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود نے پاکستان کی تیار کردہ فرنیچر مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق قرار دیا ہے جوہمارے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ غیر ملکی وفود کی پاکستان آمد سے نہ صرف پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر ہوا ہے بلکہ ہمیں اپنی فرنیچر مصنوعات کوبھی عالمی سطح پر متعارف کرانے کے مواقع میسر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو سنٹر میں منعقدہ تین روزہ نمائش کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ فرنیچر کونسل کی نہیں بلکہ پاکستان کی کامیابی ہے ۔

(جاری ہے)

میاں کاشف اشفاق نے مزید کہا کہ نمائش میں ملکی و غیر ملکی برآمد و درآمد کنندگان نے بھرپور شرکت کی اور پاکستان کی فرنیچر مصنوعات کے معیار کو سراہتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے مثبت اشارے دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اسے انڈسٹری کا درجہ دیا جائے اور حکومت اپنی سرپرستی میں بیرون ممالک پاکستان کی فرنیچر مصنوعات کو متعارف کرانے کے لئے نمائشوں کااہتمام کرے ۔

متعلقہ عنوان :