بھارت میں کرنسی بحران نے ایک اور جان لے لی، مغربی بنگال میں اے ٹی ایم کی قطارمیں کھڑا شخص چل بسا

ہماری ہمدردیاں مرنے والو ںکے خاندانوں کے ساتھ ہیں ،مودی بابو آپ سن رہے ہیں ناں،ریاست کا گورنر وفاقی حکومت کی زبان بول رہا ہے،وہ آٹھ دن سے شہر ہی میں نہیں ہے، وزیر اعلی ممتا بنرجی مودی سرکار پر پھر برس پڑیں

اتوار 4 دسمبر 2016 13:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) بھارت میں کرنسی بحران نے ایک اور شخص کی جان لے لی،ریاست مغربی بنگال میں اے ٹی ایم کی قطارمیں کھڑا شخص چل بسا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کرنسی بحران جاری ہے جس نے ایک اور شخص کی جان لے لی۔ریاست مغربی بنگال میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اے ٹی ایم کی قطارمیں کھڑا45سال کا شخص دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔

واقعے پر وزیر اعلی ممتا بنرجی مودی سرکار پر پھر برس پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ہمدردیاں مرنے والو ںکے خاندانوں کے ساتھ ہیں ،مودی بابو آپ سن رہے ہیں ناں۔ممتا نے وفاق کو بھی آنکھیں دکھاتے ہوئے کہا کہ ریاست کا گورنر وفاقی حکومت کی زبان بول رہا ہے،وہ آٹھ دن سے شہر ہی میں نہیں ہے۔دوسری جانب کانپور کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں،کرنسی بحران سے عام شہری بری طرح متاثرہو رہے ہیں،نئے نوٹوں کیلیے قطار میں موجود ایک خاتون نے بینک میں ہی بچے کو جنم دیا۔

(جاری ہے)

یہ ہی نہیں کرنسی بحران نے شادی کے خواہشمند افراد کے رنگ میں بھی بھنگ ڈال دیاہے،ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانا میں ہزاروں شادیاں ملتوی کی جاچکی ہیں۔بینکوں سے صرف ڈھائی لاکھ روپے تک رقم نکلوانے کی پابندی نے نہ صرف لڑکی والوں بلکہ لڑکے والوں کو بھی پریشانی میں مبتلا کردیا ہے ۔ ہندو جوتشیوں کا کہنا ہے کہ شادی کے لیے اب اگلا شبھ مہورت15 جنوری کے بعد ہوگا ۔