ایران نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کردی

اتوار 4 دسمبر 2016 12:10

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) ایران نے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت چاہیں تو وہ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کرنے کے لیے تیار ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف جو ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے نئی دہلی میں ہیں، صحافیوں کے اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا ایران تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرسکتا ہی انہوں نے کہا کہ اگرایران کوئی مدد کرسکتا ہے تو وہ تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم رضاکارانہ طورپر ایسا نہیں کریں گے لیکن اگر ہمیں بتایا جائے تو ہم تیار ہیں۔انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اچھے ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے ساتھ ایران کے شاندار تعلقات ہیں اور ان کا ملک ان تعلقات کو کھونا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا دونوں ملکوں کے ساتھ یہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک مستقبل کے بین الاقوامی جمہوری نظام کے بارے میں یکساں خیالات رکھتے ہیں۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت اچھے تعلقات قائم کرنے کے لیے آگے بڑھیں گے۔