نگروٹہ حملے کے بارے میںتبصرہ کرنے پرپلوامہ کا لیکچرار گرفتار

اتوار 4 دسمبر 2016 12:10

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک لیکچرار کو بھارتی پولیس نے نگروٹہ فدائین حملے کے بارے میں تبصرہ کرنے پر گرفتار کرلیا ہے اور وہ گذشتہ 4روزسے پولیس کی حراست میں ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق گرفتار لیکچرارنے اس پر لگائے گئے الزامات کی تردیدکرتے ہوئے کہا کہ ان کو ایک منصوبہ بندسازش کے تحت پھنسایاگیا ہے۔

بھارتی پولیس نے نگروٹہ حملے کے بارے میںمبینہ تبصرہ کرنے کی بنیادپرلیکچرار کو گرفتار کرکے اس کے خلاف پولیس اسٹیشن بنی میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس اسٹیشن بنی کے ایس ایچ او نے صحافیوں کوبتایاکہ شاہنوازڈارکوکالج طلباء کی شکایت پرگرفتار کیاگیااوران کے خلاف ایف آئی آردرج کی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او کے مطابق شاہنواز پولیس حراست میںہے اور ابھی تک اس کی ضمانت نہیں ہوئی ہے ۔

ضلع ترقیاتی کمشنرنے بتایاکہ لیکچرارشاہنوازپرطلباء کے الزامات کی تحقیقات کی جارہی ہے اوراس بارے میں کالج کے پرنسپل سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ڈگری کالج کے پرنسپل اے سی بڑیال کاکہناہے کہ ان سے رپورٹ طلب کی گئی تھی جس کے بعد کالج کے لیکچراروں پرمشتمل کمیٹی تشکیل دے کر رپورٹ ارسال کردی گئی ہے۔ شاہنوازڈار کا کہناہے کہ ان پرلگائے گئے الزامات بے بنیاداورسوچی سمجھی سازش کا حصہ ہیں تاکہ انہیں پھنسایاجاسکے۔