مقبوضہ بیت المقدس کے تاریخی مقامات صہیونیوں کے ہاتھوں سنگین خطرات کا شکار ہیں،یونیسکو

اتوار 4 دسمبر 2016 11:50

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت’’یونیسکو‘‘ نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے تمام تاریخی مقامات صہیونیوں کے ہاتھوں سنگین خطرات کا شکار ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’یونیسکو‘ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پرانے بیت المقدس کے تمام اہم مقامات اور اس کی تاریخی دیواروں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

بیان میں کئی دوسرے عالمی تاریخی مقامات کو بھی خطرات کی زد میں قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان میں بیت المقدس کے علاوہ عراق کے شہر سامراج، مالی کے شہر ٹمبکٹو، شام کا شہر حلب اور صنعاء میں موجود تاریخی مقامات بھی تباہی کے دھانے پر ہیں اور اپنا تاریخی اور ثقافتی وجود کھو رہے ہیں۔ بیان میں عالمی ادارے نے کہا ہے کہ علاقائی تنازعات، قدرتی آفات ،ماحولیاتی آلودگی، آبادی میں بے پناہ اضافہ اور سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ تاریخی مقامات کیلئے سنگین خطرے کا موجب بن سکتا ہے۔خیال رہے حال ہی میں ’یونیسکو‘ نے اپنے تاریخی فیصلے میں بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کو مسلمانوں کی ملکیت قرار دیتے ہوئے ان مقامات پر یہودیوں کی ملکیت کا دعویٰ باطل قرار دیا تھا۔