فیدل کاسترو کی آخری رسومات میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک

اتوار 4 دسمبر 2016 11:20

ہوانا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) کیوبا کے صدر راؤل کاسترو نے سینٹیاگو شہر میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنے بھائی اور عالمگیر شہرت کے حامل رہنما فیدل کاسترو کی آخری رسومات کی سربراہی کی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کیوبا کے ہزاروں باشندوں کے ساتھ دنیا بھر سے آنے والے رہنماؤں نے اس تقریب میں شرکت کی۔راؤل کاسترو نے اس موقعے سماجی اصولوں اور اہداف کی پاسداری کا عزم کیا جو فیدل کی رہنمائی میں انقلابیوں نے طے کیے تھے۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان کے بھائی کی خواہش کے مطابق کیوبا کی کسی عمارت یا سڑک کو ان کا نام دیے جانے پر پابندی ہے۔راؤل کاسترو نے کہا کہ انقلابی رہنما نے کسی قسم کی شخصیت پرستی کی سختی سے مخالفت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ فیدل کاسترو کا کوئی بھی مجسمہ کیوبا میں نصب نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کی راکھ دارالحکومت ہوانا سے چار دن کے سفر کے بعد سنیچر کی شام سینٹیاگو پہنچی اور جب ان کی راکھ کو جنازے کے روپ میں گلیوں سے لے جایا جا رہا تھا تو لوگوں کا جم غفیرفیدل زندہ باد اور میں فیدل ہوںکا نعرہ لگا رہے تھے۔وینزویلا، نیکاراگوا اور بولیویا کے رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی۔واضح رہے کہ رہے کہ فیدل کاسترو 25 نومبر کو 90 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔