مشیر خارجہ سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئے

سرتاج عزیز کی ڈنر میں شرکت‘ نریندر مودی کا وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

اتوار 4 دسمبر 2016 01:10

اسلام آباد ۔ 3 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا دو روزہ کانفرنس میں شرکت کیلئے ہفتہ کو بھارتی شہر امرتسر پہنچ گئے۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط اور بھارتی جائنٹ سیکرٹری خارجہ امور نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا استقبال کیا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو ان کی رہائش گاہ پر پھول بھجوائے اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جس میں وہ افغانستان اور اس کے پڑوسی ممالک کے درمیان علاقائی تعاون اور افغانستان میں پائیدار امن کیلئے کوششوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے امرتسر کے مضافاتی سائو اینڈ نامی ورثہ گائوں میں دورہ پر آئی ہوئی شخصیات کے اعزاز میں دیئے گئے ڈنر کی تقریب میں شرکت کی۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے بھی بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل کی میزبانی میں دیئے گئے ڈنر میں شرکت کی۔ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سے مصافحہ بھی کیا۔پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہا کہ عشائیہ کے بعد تمام شرکاء نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ مشترکہ ملاقات کی جس میں افغانستان کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اس موقع پر افغانستان میں قیام امن اور استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کو دہرایا اور اس سلسلہ میں ہونے والی ہر کوشش کی حمایت کا اعادہ کیا۔

عبدالباسط نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے عشائیہ کے دوران ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے طویل ملاقات بھی کی۔ اتوار کو بھارتی وزیراعظم اور افغان صدر کانفرنس کا مشترکہ افتتاح کریں گے جس میں 14 ممالک سے آئے وزرائے خارجہ اور اہم شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ ہارٹ آف ایشیاء اقدام کا آغاز 2011ء میں اقتصادی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مقصد کے ساتھ کیا گیا جس کے رکن ممالک میں افغانستان،ْ پاکستان‘آذربائیجان، چین، بھارت، ایران، قازقستان، کرغسزستان، روس، سعودی عرب، ترکی، تاجکستان، ترکمانستان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

ہارٹ آف ایشیاء اقدام کیلئے آسٹریلیا، کینیڈا، ڈنمارک، مصر، فرانس، فن لینڈ، جرمنی، عراق، اٹلی، جاپان، ناروے، پولینڈ، سپین، سویڈن، برطانیہ اور امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی اس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز ترکمانستان کے نائب وزیراعظم اور چینی وفد کے سربراہ سے بھی ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے باضابطہ ملاقات شیڈول میں شامل نہیں ہے۔