حکومت ملککو لوڈشیڈنگ سے مکمل نجات دلانے کیلئے کوشاں ہے‘ وزیر مملکت عابد شیر علی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:52

فیصل آباد۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کو لوڈ شیڈنگ سے مکمل نجات دلانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں تقریباً تمام بڑے شہروں اور صنعت کے شعبہ کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ وہ چناب نگر میں 340ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 132کے وی کے نئے گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چناب نگر کا نیا گرڈ اسٹیشن نہ صرف لالیاں اور اس کے گردو نواح کے لوگوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد دے گا بلکہ اس سے علاقہ میں صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔مسلم لیگ ن کی حکومت کا پیپلز پارٹی اور مشرف کے ادوار سے موازنہ کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ آصف علی زرداری اور پرویز مشرف کے دور میں 18-18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ روزانہ کا معمول تھا اور لوگ اس کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے کوئی قابل ذکر اقدام نہیں کئے گئے۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھی صرف رینٹل پاور پر ہی توجہ دی۔ تاہم موجودہ حکومت کے دور میں 3500میگاواٹ بجلی پہلے ہی نیشنل گرڈ میں داخل کی جاچکی ہے اور اب مارچ 2017میں مزید 1000میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑے شہروں اور انڈسٹریل سیکٹر کو اس وقت چوبیس گھٹنے بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ موجود حکومت کا ہی کارنامہ ہے کہ اس نے تین بڑے پاور پراجیکٹ بشمول بھکی، حویلی بہادر شاہ اور بلوکی کی تعمیر کے دوران 100ارب روپے بچائے ہیں اور ان تمام منصوبوں کو اتنے صاف اورشفاف انداز میں مکمل کیا ہے کہ کوئی بھی ہم پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔ انہوں نے موٹرویز کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے نے نہ صرف ملک کے طول و عرض کو ایک دوسرے سے ملا دیا ہے بلکہ وفاق کے یونٹوں میں بھی بھائی چارے کی فضا قائم کردی ہے۔

انہوں نے پانامہ لیکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور وزیر اعظم نواز شریف اس کیس میں بھی سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جڑیں عوامی سطح پر انتہائی مضبوط ہیں اسی لئے ہم دھرنوں اور لانگ مارچوں سے نہیںڈرتے۔ ہماری جماعت اگلے عام انتخابات میں اپنی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کام کرنے والے ورکروں کیلئے ایک تنخواہ کے برابر بونس دینے کا بھی اعلان کیا ۔ قبل ازیںفیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رشید احمد اسلم نے بتایا کہ چناب نگر گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کا کام مارچ میں شروع ہوا تھا اور اسے سات ماہ کی قلیل مد میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال مارچ میں لالیاںمیں ایک 220کے وی کے گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ یہ منصوبہ دو ارب روپے کی لاگت سے پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ تقریب سے ایم این اے غلام محمد لالی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر فیسکو ملازمین کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :