حکومت عام شہریوں کی فلاح وبہبود کے علاوہ خصوصی افراد کے لئے بھی محدود وسائل میں بہت مثبت اقدام کررہی ہے،محکمہ سوشل ویلفیئر کی کاوشوں سے خصوصی بچوں کے لئے کوئٹہ میں قائم چار اسکولوں میں سے ایک اسکول کو خصوی بچوں کے لئے کالج کا درجہ دے دیا گیا ہے،ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ مسرت جبین و دیگر کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:52

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ مسرت جبین نے کہاہے کہ موجودہ حکومت عام شہریوں کی فلاح وبہبود کے علاوہ خصوصی افراد کے لئے بھی محدود وسائل میں بہت مثبت اقدام کررہی ہے ۔محکمہ سوشل ویلفیئر اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون اور مختلف سماجی اور فلاحی اداروں کے زیراہتمام بین الاقوامی دن برائے خصوصی افراد کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

پروگرام کی مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ مسرت جبین تھیں۔ تقریب میں بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹیو نادرگل بڑیچ، مختلف سرکاری محکموں اور سماجی فلاحی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ سیکریٹری مذہبی امور ذیشان الحق نے تقریب میں بطور مہمان خاص شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی محکمہ سوشل ویلفیئر مسرت جبین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی کاوشوں سے خصوصی بچوں کے لئے کوئٹہ میں قائم چار اسکولوں میں سے ایک اسکول کو خصوی بچوں کے لئے کالج کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

موجودہ حکومت عام شہریوں کی فلاح وبہبود کے علاوہ خصوصی افراد کے لئے بھی محدود وسائل میں بہت مثبت اقدام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہاکہ تنقید کے باوجود حکومت ہر سطح پر خصوصی لوگوں کو تمام سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی لوگوں کے لئے خصوصی موٹر سائیکلیں، وھیل چیئرز وغیرہ خریدلی گئی ہیں اور بہت جلد یہ سارا سامان خصوصی افراد میں تقسیم کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد اب بی ایم سی کے علاوہ کوئٹہ سول ہسپتال سے بھی اپنا خصوصی سرٹیفکیٹ بنواسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی کاوشوں سے سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کے دوفیصد کوٹے کو بڑھانے کے لئے سمری وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کو بجھوادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت ضلعی سطحوں پر بھی خصوصی افراد کی بھلائی کے دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

اس سے قبل سیکریٹری مذہبی امور ذیشان الحق اور بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو نادر گل بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں خصوصی افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اس تعداد میں کمی کے لئے ہمیں مختلف بیماریوں کی پر قابو پانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ سرکاری اور غیرسرکاری تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور مل کر خصوصی افراد کی دشواریوں کو ختم کرنا ہوگا۔

تقریب سے مختلف غیرسرکاری خصوصی افراد کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیااور خصوصی طور پر درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور ان مسائل کے لئے حل کے لئے کئے گئے اقدامات بھی بتائے۔ تقریب میں خصوصی بچوں نے ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب کے آخر میں ڈی جی محکمہ سوشل ویلفیئر مسرت جبین اور بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو نادر گل بڑیچ نے خصوصی افراد اور بچوں میں اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :