جسمانی معذوری کو اپنی مجبوری بنانے کی بجائے ہمت ، محنت، حوصلہ اور عزم و جرات کی نئی مثالیں قائم کریں،میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:52

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ عصر حاضرکے اس ترقی یافتہ دور میں جسمانی معذوری کوئی خاص کمزوری نہیں۔ انہوں نے خصوصی ا فراد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جسمانی معذوری کو اپنی مجبوری بنانے کی بجائے ہمت ، محنت، حوصلہ اور عزم و جرات کی نئی مثالیں قائم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میلنیم مال کوئٹہ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کیلئے ریمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر میئر کوئٹہ نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں معذور افراد کا عالمی دن آج اس عزم و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ معذور افرادکو معاشرے کا فعال شہری بنایا جائے اور انہیں دیگر عام افراد کے مساوی حقوق فراہم کئے جائیں اس حوالے سے ترقی یافتہ ممالک کافی آگے ہیں مگر پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک وہ سب کچھ نہیں کرپارہے ہیں جو ان خصوصی ا فراد کا حق ہے یہ افراد ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں جنہیں کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے میلنیم مال کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے ریمپ کی تعمیر کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام شاپنگ مالز کو چاہئے کہ وہ بھی اسی طرح خصوصی افراد کیلئے خصوصی انتظامات کریں انہوں نے کہا کہ میلنیم مال کے منتظمین معذور افراد کیلئے ریمپ کی تعمیر پر مبارکباد کے مستحق ہیں اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر میلینم مال عمر اجمل کوئٹہ آن لائن کے بانی ضیاء خان اور دوست تنظیم کے صدر فارس مغل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاپنگ مال میں ریمپ کا قیام عام افراد کیلئے اہمیت کا حامل نہ ہو مگر خصوصی ا فراد کیلئے یہ کسی نعمت سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ افراد معاشرے کے دکھ درد میں برابر کے حصہ دار ہیںاوران افراد کو بھی وہ سہولیات بہم فراہم کی جائیں جو دیگر افراد کو میسر ہیں۔ قبل ازیں میئر کوئٹہ نے باقاعدہ طور پر ریمپ کا افتتاح کیا بعدازاں ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑنے یلینم مال کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :