سینٹر آف ایکسیلینس ان آرٹ اینڈ ڈزائن مہران یونیورسٹی جامشورو میں داخلہ کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:25

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)سینٹر آف ایکسیلینس ان آرٹ اینڈ ڈزائن مہران یونیورسٹی جامشورو میں تعلیمی سال 2017ء میں داخلہ کے لیے انٹری ٹیسٹ ادارے کے مین گرائونڈ میں لیا گیا۔انٹری ٹیسٹ میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے 338 امیدواروں نے شرکت کی۔

سینٹر آف ایکسیلینس ان آرٹ اینڈ ڈزائن کے فائن آرٹ ، آرکیٹیکچر، کمیونیکیشن ڈزائن، سیرامکس ڈزائن اور ٹیکسٹائل ڈزائن شعبوں کی 155 نشستوں پر داخلہ کے لیے امیدواروں سے ملٹی پل چوائس اور ڈرائنگ کا ٹیسٹ لیا گیا جن میں سے 50 فیصد نشستیں صوبہ سندھ اور 50 فیصد ملک کے دیگر علاقوں کے امیدواروں کے لیے مخصوص کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کو کامیاب بنانے کے لیے 17 مختلف کمیٹیاں اور سب کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔

ٹیسٹ کے دوران مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی، ڈین فیکلٹی آف آرکیٹیچر اینڈ سول انجینئرنگ مہران پروفیسر ڈاکٹر غوث بخش خاصخیلی، سینٹر آف ایکسیلینس ان آرٹ اینڈ ڈزائن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بھائی خان شر، مہران یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس انجینئر منیر احمد شیخ و دیگر عملداراں نے امتحانی بلاک کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔