پاکستان کی ایک اپنی اہمیت ہے‘ امریکہ کو ہر صورت ہمارے ساتھ اچھے ورکنگ تعلقات رکھنے ہوں گے

وفاقی وزیر دفاعی پیدا وار رانا تنویر حسین کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر دفاعی پیدا وار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی ایک اپنی اہمیت ہے اس لیے امریکہ کو ہر صورت ہمارے ساتھ اچھے ورکنگ تعلقات رکھنے ہوں گے۔ ہفتے کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کے لوگوں نے منتخب کیا ہے اس لیے وہ پاکستان سے ہر صورت اچھے ورکنگ تعلقات رکھیں گے کیونکہ ہماری پورے خطے میں ایک اہمیت ہے جسے کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کیس عدالت میں ہے اور عدالت میں جج صاحب نے یہ کہا بھی ہے کہ اخبارات کی کٹنگز پر بات نہیں کی جا سکتی کیونکہ اگر صرف اخبارات کی کٹنگز پر بات ہوئی تو اس میں تحریک انصاف کے سربراہ بری طرح پھنسیں گے اس لیے کوئی ٹھوس ثبوت ہے تو اسے عدالت میں پیش کریں تاکہ کارروائی آگے بڑھائی جا سکے، تحریک انصاف کے پاس پانامہ پیپرز کے حوالے سے نہ تو کوئی ثبوت تھا اور نہ ہی اب ہے یہ لوگ صرف قیاس آرائیوں پر بات کر رہے ہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ عدالت ثبوت مانگتی ہے جو ان کے پاس نہیں۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ تاریخی اور بہت ہی مستحکم اور گہرے تعلقات ہیں جو سی پیک منصوبے سے اور بھی مستحکم ہو گئے ہیں، چین ہمارا بااعتماد اور قابل فخر دوست ہے جس نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ نیو کلیر سپلائر گروپ میں بھی چین نے ہمارا جس طرح ساتھ دیا وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا اور اس سے پاکستان کی اقتصادی صورت حال بھی بہتر ہو گی، سی پیک منصوبے کی بھارت کو بہت تکلیف ہے لیکن ہم اس منصوبے کو ہر حال میں بروقت مکمل کریں گے۔