گوجرانوالہ کو پھولوں کا شہر بنا رہے ہیں، توفیق بٹ

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:15

گوجرانوالہ۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) چیئرمین پی ایچ اے توفیق بٹ ایم پی اے نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کو پھولوں کا شہر بنا رہے ہیں،جس کیلئے شہریوں کے تعاون کی بھی ضرورت ہے کم افرادی قوت اور کم وسائل ہونے کے باوجود بھی شہرکو خوبصورت و سر سبز و شاداب بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں‘ پارکوں کو فعال کرنے کیلئے ان کی از سرنو تزئین و آرائش کی گئی ہے، چار باغ پارک سیٹیلائٹ ٹاؤن کو مکمل طور پر تعمیر کیا گیا ہے‘ عائشہ بی بی پارک حیدری روڈ انڈر پاس، لیڈیز پارک ماڈل ٹاؤن،عثمان غنی پارک پیپلز کالونی،لیاقت باغ پارک،ماڈل ٹاؤن چلڈرن پارک اورریلوے پارک کی ڈویلپمنٹ کی جارہی ہے۔

ا ن کا کہنا تھا کہ شہری خوبصورتی کیلئے اہم شاہراہوں پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت گرین بیلٹس کی ڈویلپمنٹ جاری ہے۔

(جاری ہے)

فلائی اوور کے نیچے رنگ برنگی فلڈ لائٹس لگائی گئی ہیں،بجلی کے کوپولز کو بھی خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس سے مزین کیا گیا ہے جبکہ گلشن اقبال پارک میں موجود جھیل کو بھی فعال کیا جا رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ جشن بہاراں پروگرام 2017کی تیاری کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں گوجرانوالہ کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،تاکہ شہریو ں کو صحت افزا ماحول میسر آسکے۔