ملازمتوں میں معذور افراد کاگریڈ 1سے 4تک ایک فیصد کوٹہ بڑھا‘ 5سے 15تک کانوٹیفکیشن آئندہ ہفتوں میں ہوگا‘انجینئر بلیغ الرحمن

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:15

بہاولپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)وزیرمملکت برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ ملازمتوں میں معذور افراد کاگریڈ ایک سے چار تک کوٹہ دوفیصد سے بڑھا کر تین فیصد کردیاگیا ہے۔ بہاولپور میں سپیشل افراد کے ڈگری کالج میں خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آئندہ چند ہفتوں میں گریڈ 5سے 15تک کی ملازمتوں میں سپیشل افراد کے کوٹے کانوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔

گریڈ ایک سے چار تک کی ملازمتوں میں ایک فیصد اضافی کوٹے کا مطلب یہ ہے کہ 100ملازمتوں کی بجائے اب 125ملازمتیں ملا کریں گی۔انہوں نے کہاکہ خدمت کارڈ کے پہلے مرحلے کے تحت مالی امداد ملنا شروع ہوگئی ہے اس میں ضلع بہاولپور میں 3600درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

بعدازاں جب عوام کوخدمت کارڈ کے حوالے سے تمام معلومات ملیں تو اب دوسرے مرحلے میں صرف ضلع بہاولپور میں 17ہزارلوگوں نے درخواستیں دی ہیں جن کی انتہائی شفاف طریقے سے سکروٹنی کے بعد ان کو بھی مالی امداد ملنا شروع ہوگی۔

وزیرمملکت نے کہاکہ سپیشل افراد ہماری زیادہ توجہ کے مستحق ہوتے ہیں‘بہتر توجہ کے بعد یہ معاشرہ کا مفید حصہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہاولپور میں معذور افراد کے لیے پہلے صرف آٹھویں تک تعلیمی ادارہ تھا اب نہ صرف میٹرک تک بلکہ ڈگری لیول تک تعلیم کے لیے ایک معیاری ادارہ بہاولپور میں موجودہے اس کے علاوہ گونگے افراد کی بیماری یا کیفیت سے ڈاکٹرز کوآگاہ کرنے یا گونگے افراد اور ڈاکٹرز کے درمیان ٹرانسلیٹر کے فرائض انجام دینے کے لیے بھی بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں دو معذور افراد کو ملازمت دی گئی ہے جواشاروں کی زبان سمجھتے ہیں۔

اسی طرح اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورنے ایک احسن اقدام کے طورپر معذور افراد کے لیے فیس معاف کرنے کے علاوہ ان کو سکالر شپ اورپک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی اپنے طورپر دی ہے جس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ہم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کواس طرح کی سکیم ملک بھر میں نافذ کرنے کی تجویز دی تھی جوانہوں نے منظور کرلی ہے ۔آئندہ سال کے تعلیمی سیشن سے یہ تینوں سہولتیں معذور افراد کو دیگر اعلی تعلیمی اداروں میں بھی ملیں گی۔

انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کاطوفان تھا‘ تعلیمی اداروں اور طلباء میں بھی اس کاشدید خوف وہراس تھا۔موجودہ حکومت کے دور میں دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی گئی ہے۔اسی طرح ملک میں دوسرا بڑا اورگھمبیر مسئلہ بجلی کی لوڈشیڈنگ تھی اوراس کاسب سے زیادہ نقصان بھی طلباء کوہورہاتھا لیکن اب حکومتی کاوشوں کی بدولت ملک میں 2018ء کی بجائے 2017ء میں ہی اس لوڈشیڈنگ کے جن کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کردیا جائے گا۔وزیراعظم نوازشریف کی کاوشیں ملک کو دن بدن بہتر سے بہتر اورمضبوط بناکرعوام اورمعاشرہ میں بہتری لارہی ہیں‘ ملک کے مسائل کے حل کے لیے موجودہ حکومت کی کوششیں اب بارآور ثابت ہورہی ہیں۔