عزم جوان اور حوصلے بلند ہوں تو معذوری منزل کے حصول میں رکاوٹ نہیں بن سکتی‘ڈی پی او

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:13

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)عزم جوان اور حوصلے بلند ہوں تو معذوری منزل کے حصول میں رکاوٹ نہیں بن سکتی اور معذور افراد ہمارے معاشرے کے باعزت شہری ہیں ان کو اگر تمام سہولیات اور مواقع میسرآجائیں تویہ بھی ہماری طرح ملک وقوم کے لیے مفید شہری بن کر اپنی خدمات سرانجام دے سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہانزیب نذیر خان نے گذشتہ روز معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر نیوہوپ ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہاکہ معذور افراد بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور ہمارے لیے قابل احترام ہیں یہ افراد اپنے دماغ اور سوچ کو پروان چڑھا کر ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ معذوری کو کمزوری بنا کر ناامید ہونا گناہ ہے کیونکہ اگر عزم جوان اور حوصلے بلند ہوں تو منز ل کا حصول ناممکن نہیں بلکہ منزل خود چل کر ان لوگوں کے پاس آجاتی ہے جن کے اند ر کچھ کر گزرنے کا جذبہ ہوتاہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ معذور افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریبات کا انعقاد کرتے رہنا چائیے تاکہ ان کو حوصلہ ملے اور میرے خیال میں یقینا اس تقریب سے ان معذور افراد کے حوصلے بڑھے ہونگے ۔ڈی پی او نے کہاکہ معذور افراد کو اگر مطلوبہ سہولیات اور مواقع میسر آجائیں تو یہ بھی معاشرے کے معمار بن سکتے ہیں کیونکہ یہ ذہنی معذور تو نہیں ہیں ان کی سوچ یقینا جوان ہے ۔بعدازاں ڈ ی پی او جہانزیب نذیر خان معذور افراد کے ساتھ گھل مل گئے ان کا حوصلہ بڑھایا اور ان میں گفٹ تقسیم کیے اور معذور بچوں کے ہمراہ قیام امن کے حوالہ سے شمعیں روشن کیں ۔