منہاج القرآن کا ہنگامی اجلاس ، 33ویںعا لمی میلاد کانفرنس مال روڈ پر کرنے کا اعلان

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مینار پاکستان پر کانفرنس کی اجازت نہ دینے کی مذمت مال روڈ کے تاجروں سے رابطے اور میلاد کانفرنس کی شرکت کی دعوت دینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی، جواد حامد

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) تحریک منہاج القرآن کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا ،اجلاس کی صدارت منہاج القرآن کے ڈائریکٹر ایڈمن اور سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس 2016جواد حامد نے کی ۔اجلاس میں منہاج القرآن کے اہم مرکزی ،صوبائی و ضلعی رہنماء موجود تھے ۔اجلاس میں لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس کی اجازت نہ دینے کی فیصلے کی شدید ترین مذمت کی گئی اور مشاورت کے بعد اعلان کیا گیا کہ عالمی میلاد کانفرنس لاہور کے مال روڈ پر ہو گی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جواد حامد نے کہاکہ ہمیں افسوس ہے کہ مکمل تعاون اور یقین دہانی کے باوجود لاہور کی ضلعی انتظامیہ کا رویہ نا مناسب رہا۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ نے 33 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی مینار پاکستان پر کرنے کی اجازت نہ دے کر غیر سنجیدہ،غیر اخلاقی اور آمرانہ رویہ کا ثبوت دیا ۔ 33 ویںعالمی میلاد کانفرنس کیلئے متبادل جگہ لاہور کا مال روڈ ہو گا،کارکن عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں،انتظامات اور عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں ۔

لاہور مال روڈ کے تاجروں کو عالمی میلاد کانفرنس کے جشن میں شامل کیا جائیگا ۔تاجروں سے رابطے کیلئے الگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔لاہور کے مال روڈ کو برقی قمقموں،رنگ برنگی لائٹوں ،خیر مقدمی بینرز سے سجایا جائے گا ۔مال روڈ کے دونوں اطراف کی عمارتوں پر چراغاں کیا جائیگا ۔11 اور 12 ربیع الاول کی شب مال روڈ پر ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس سے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے ۔

اجلاس میں شہزاد رسول،سعید اختر،شاہد لطیف،حاجی اسحق،شیخ آفتاب،حاجی فرخ ،عمر اعوان،حافظ غلام فرید ،چودھری افضل گجر ،میاں زاہد جاوید ،علامہ غلام ربانی تیمور،علامہ میر آصف اکبر و دیگر شامل تھے ۔جواد حامد نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں عاشقان مصطفی ﷺ شرکت کریں گے۔11 اور 12ربیع الاول کی درمیانی رات لاہور کے مال روڈ پر انسانی سروں کا سمندر نظر آئے گا ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس میں پاکستان سمیت پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے معروف سکالرز اور مشائخ شرکت کریں گے ۔لاکھوں لوگوں کیلئے شام 7 بجے سے رات9بجے تک ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائیگا ۔منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ہزاروں نوجوان سکیورٹی کی ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔کانفرنس میں وطن عزیز کے نامور قرآء اور نعت خواں آقائے دو جہاں ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے ۔

ملک کے اہم سیاسی،سماجی،مذہبی رہنما عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر ہونگے ۔انہوں نے بتایا کہ مال روڈ مختلف مقامات پر دیو قامت سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائیگا ۔جواد حامد نے کہاکہ سائونڈ سسٹم چیئرنگ کراس سے لے کر پورے مال روڈ اور اس کے ساتھ ملحقہ سڑکوں پر بھی لگایا جائیگا تا کہ پنڈال کے باہر موجود ہزاروں افراد تک آواز با آسانی پہنچ سکے ۔

انہوں نے اعلان کیا کہ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے مال روڈ کے تاجروں کو بھی میلاد مہم کا حصہ بنایا جائیگا ۔تاجر برادری کو ترغیب دی جائیگی کہ وہ اپنی دکانوں اور مارکیٹوں پر چراغاں کریں ۔منہاج القرآن کے مرکزی قائدین پر مشتمل کمیٹی آج سے تاجروں سے رابطہ مہم شروع کرے گی۔خواتین اور مرد حضرات کیلئے مال روڈ پر الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے ۔ملک کے دیگر شہروں سے آنیوالے قافلوں کو مال روڈ تک رہنمائی دینے کیلیء لاہور کے تمام داخلی راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :