وزیراعلیٰ کا پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے خصوصی افراد کیلئے 50 کروڑ روپے کا اعلان

مجموعی حجم ایک ارب روپے سے بڑھ جائے گا خصوصی بچے سماج پر بوجھ نہیں ،بوجھ بانٹنے کیلئے اپنی صلاحیتیں استعمال کر رہے ہیں، شہباز شریف وزراء، سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے حکام کو خصوصی افراد کا ہاتھ تھامنا ہے، وزیراعلیٰ کا خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی بچے صلاحیتوں اور قابلیت میں عام بچوں کے مقابلے میں کم نہیں اور ان بچوں میں آگے بڑھنے کا بے پناہ جذبہ موجود ہے۔ خصوصی بچے اپنے عزم ، حوصلے اور جذبے سے زندگی کے نامساعد حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ اگرچہ یہ بچے بعض صلاحیتوں سے محروم ہیں لیکن قدرت نے انہیں بعض خصوصی صلاحیتیں بھی عطا کی ہیں۔

خصوصی بچے سماج کیلئے بوجھ نہیں بلکہ یہ بوجھ بانٹنے کیلئے اپنی صلاحیتیں استعمال کر رہے ہیں۔ اس تقریب میں ان بچو ںکی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ بچے بھرپور صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ ایسے بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے ادارے بنانے والوں کے جذبے کی قدر کرتا ہوں۔جو افراد یا ادارے اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں وہ دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں اور یہ صدقہ جاریہ ہے۔

(جاری ہے)

میں یہ نیک کام کرنے والوں کا جذبہ دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔وزراء، سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے حکام کو خصوصی افراد کا ہاتھ تھامنا ہے۔وزراء، سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کا فرض ہے کہ وہ خصوصی افراد کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔وہ آج الحمرا ہال میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج خصوصی افراد کیلئے منعقد کی جانے والی اس تقریب میں شریک ہو کر بے حد خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے۔

ہم سب کو زندگی کی مصروفیات سے وقت نکال کر خصوصی افراد کی مدد کیلئے وقت نکالنا چاہیئے۔خصوصی بچے حقیقی معنوں میں قوم کے معمار ہیں اور آج ان بچوں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے ثابت کیا ہے کہ عزم، حوصلہ اور جذبہ ہو تو مشکل مشکل نہیں رہتی۔ وزیراعلیٰ نے سابق چیف سیکرٹری پرویز مسعود، جسٹس (ر) عامر رضا اور دیگر شخصیات کی خصوصی افراد کی بحالی کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تمام افراد ایک جذبے کے تحت کام کر رہے ہیں جولائق تحسین ہے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے خصوصی افراد کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس رقم سے فنڈ کا مجموعی حجم ایک ارب روپے سے بڑھ جائے گا۔ پنجاب حکومت رواں مالی برس 30 کروڑ روپے ٹرسٹ کو دے گی جبکہ اگلے برس 20 کروڑ مزید فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں خصوصی افراد کیلئے منعقد کی جانے والی تقریبات میں ہمیشہ شریک ہوتا ہوں اور مجھے ایسی تقریبات میں آ کر بے حد خوشی ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے خصوصی بچوں کیلئے تعلیم و تربیت فراہم کرنے والے اداروں کے سربراہان کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے شاندار پرفارمنس پر خصوصی بچوں، ان کے والدین، اساتذہ اور تعلیم و تربیت کے اداروں کے سربراہوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اس نیک کام میں ان کی بھرپور مدد کرنی چاہیئے۔ پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے خصوصی افراد کے ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج خصوصی افراد کا حوصلہ بڑھانے کا دن ہے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف ہر سال خصوصی افراد کی تقریب میں شرکت کرکے اپنی بھیگی ہوئی آنکھوں سے پیغام دیتے ہیںاوران کاخصوصی افراد کی بحالی میں مصروف اداروں کیساتھ تعاون،خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت اوربحالی کیلئے انقلابی اقدامات لائق تحسین ہیں ۔خصوصی افراد کی فلاح کیلئے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایاگیا ہے جس کے تحت 72ہزار خصوصی افراد کو خدمت کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں جن کے ذریعے انہیں ہر ماہ 1200روپے کی خصوصی امداد دی جارہی ہے۔ٹرسٹ خصوصی افراد کے لئے قرضے حسن سکیم بھی شروع کررہا ہے ۔صوبائی وزراء ذکیہ شاہنواز، چوہدری محمد شفیق، خصوصی بچوں کی بڑی تعداد، ان کے والدین اور اساتذہ بھی تقریب میںشریک تھے۔

متعلقہ عنوان :