Live Updates

وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ترک وزارت صحت کے وفد کی ملاقات

ہیلتھ کئیر سروسز کو بہتر بنانے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات پر اتفاق صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ موٹر بائیکس ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کا حصہ ہوگی، اقدام سے عوام کو ایمبولینس سروس کی سہولت میں بہتری آئے گی ترک صدر، وزیراعظم، وزیر صحت اور دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون پر شکرگزار ہیں،وزیراعلیٰ

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ترکی کی وزارت صحت کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت ترکی کے ہیلتھ اصلاحات پروگرام کے سینئر ماہر ڈاکٹر حسن کاگل کر رہے تھے۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور ترک وفد کا ہیلتھ کئیر سروسز کو بہتر بنانے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی معاونت سے صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موٹر بائیکس ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کا حصہ ہوگی اور اس اقدام سے صوبے کے عوام کو ایمبولینس سروس کی سہولت میں بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہور اور دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موٹربائیکس ایمبولینس سروس کے اجراء کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اورموٹر بائیکس ایمبولینس سروس کیلئے عملے کی تربیت کا کام بھی فوری طور پر شروع کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کیلئے ترکی کے ماڈل سے استفادہ کریں گے۔ فیملی میڈیسن ماڈل کو قصور کے ساتھ لیہ اور راجن پور میں بھی متعارف کرایا جائے۔ انہو ںنے کہا کہ ترکی کی وزارت صحت کے تعاون سے ہیلتھ کئیر سسٹم میں اصلاحات لا کر اسے عوام کی توقعات کے مطابق بنائیں گے۔ ترکی کی وزارت صحت کی جانب سے بڑے ہسپتالوں کو ماڈل بنانے کیلئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں گے۔

جدید ٹیکنالوجی اور ترک مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ ترکی کے ساتھ ملکر پنجاب کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے برق رفتاری سے آگے بڑھیںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم، وزیر صحت اور دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے پنجاب کے ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔

ترک وزارت صحت کے سینئر ماہرڈاکٹرحسن کاگل نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہیلتھ کیئرسسٹم کی بہتری کیلئے کئے جانے والے معاہد ے پروزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کے مطابق تیزی سے عملدر آمد کیا جائے گا۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ ہر سطح پر ملکرکام کریں گے اور انشا اللہ ہماری مشترکہ کاشوں سے ہیلتھ کیئر سسٹم میںبہتری کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔صوبائی وزراء عائشہ غوث پاشا، ملک ندیم کامران، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات