خصوصی افراد کو خود انحصار طرز زندگی کی فراہمی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے،وحید اختر انصاری

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:04

لاہور۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)خصوصی افراد معاشرے کے اہم رکن ہیں جنہیں خود مختار اور خود انحصار طرز زندگی کی فراہمی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، والدین کے لیے یہ سمجھنا ازحد ضروری ہے کہ جسمانی اور معمولی ذہنی نقائص کا شکار بچوں کی تعلیم و تربیت نارمل بچوںسے بھی زیادہ اہم ہے کیونکہ نارمل بچے اپنے لیے آگے بڑھنے کے لیے مواقع خود پیدا کر سکتے ہیں مگر خصوصی بچوں کو اس مقصد کے لیے اپنے والدین اور اپنے بہن بھائیوں کی خصوصی توجہ اور سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے قائمقام سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل وحید اختر انصاری نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں مقیم اور زیر تربیت خصوصی بچو ں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کے ساتھ واک کے موقع پر شرکاء سے خطاب کے دوران کیا ،انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری خوش قسمتی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب معذور افراد کی بحالی اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور حکومت پنجاب خصوصی معذور افراد کو تعلیم،صحت ،ووکیشنل ٹریننگ اور کاروبار کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے،پنجاب کی موجودہ حکومت نے معذور افراد کو سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے لیے تاریخ میں پہلی بار 3فیصد کوٹہ کے تحت 4249آسامیاں پیدا کیں جن میں سے 1527سیٹوں پر نابینا افراد خدمات سر انجام دے رہے ہیں،حال ہی میں5سے 15گریڈ کی بھرتیوں پر سے بھی پابندی ختم کر دی گئی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی بھی اپنے فرائض نبھائے اور خصوصی افراد کی جانب منفی رویوں کی حوصلہ شکنی کرے ، آج کی یہ واک عوام میں معذور افراد کے حقوق سے آگاہی کی ایک کوشش ہے جسے آپ سب لوگ ملکر کامیاب بنا سکتے ہیں،واک کے اختتام پر محکمہ سوشل ویلفیئر اور میکڈونلڈ کے اشتراک سے سوشل ویلفیئر کے ادارے چمن کے ذہنی معذور بچوں کے لیے لنچ اور میوزیکل شو کا اہتمام کیا گیا تھا ، بچوں نے میوزک پر رقص کیا اور کھانے سے لطف اندوز ہوئے۔