رحمن بھولا گرفتار، ایف آئی اے کی ٹیم جلد بنکاک روانہ ہوگی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) تھائی لینڈ میں روپوش بلدیہ فیکٹری کیس میں مطلوب اہم ملزم رحمان بھولا کو انٹر پول نے تھائی پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا، پاکستان سے ایف آئی اے کی ٹیم ملزم کو لینے کے لیے جلد روانہ ہوگی۔تفصیلات کے مطابق بنکاک پولیس نے ایک ہوٹل کے کمرے سے پاکستانی شخص عبدالرحمان کو حراست میں لیا ہے، ملزم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث ہے جسے انٹر پول کے ذریعے بنکاک پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عبدالرحمان المعروف بھولا بلدیہ فیکٹری کیس میں مطلوب اہم اور مرکزی ملزم تھا جسے عدالت نے ہر حالت میں اگلی پیشی پر پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد انٹر پول کے ذریعے ملزم گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

تازہ دم اطلاعات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو بنکاک سے لانے کے لیے ایف آئی اے کی دو رکنی ٹیم مقرر کردی گئی ہے،ٹیم میں ایف آئی اے کاونٹر ٹیررازم کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بدرالدین بلوچ اورایف آئی اے کے انسپکٹر رحمت اللہ ڈومکی شامل ہیں۔

وزارت داخلہ نے دونوں افسران کی تھائی لینڈ روانگی کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد ایف آئی اے ٹیم مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو تھائی لینڈ سے کراچی منتقل کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں بھی ملزم عبدالرحمن کی کراچی ا یئر پورٹ سے بیرون ملک جانے کی کوشش کے دوران گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی تا ہم ملزم کو نہ تو کسی عدالت میں پیش کیا گیا تھا اور نہ ہی کسی تھانے میں ریکارڈ موجود ہے۔

رحمان بھولا کی گرفتاری کے بعد تھائی لینڈ کی پولیس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجرموں کو اپنی سرزمین پناہ حاصل کرنے نہیں دیں گے، انٹرپول کے ساتھ جرائم کی سرکوبی کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔تھائی لینڈ پولیس کا کہنا تھا کہ رحمان بھولا کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرارہے ہیں برآمد سامان خاص طور پر سگریٹ کا فرانزک تجزیہ کیا جارہا ہے جب کہ رحمان بھولا سے متعلق پاکستانی حکام سے بھی رابطے میں ہیں۔