پی آئی اے نے اپنی موجودہ ویب سائٹ کو بہتر بنا دیا

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:43

پی آئی اے نے اپنی موجودہ ویب سائٹ کو بہتر بنا دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی ای) نے اپنی موجودہ ویب سائٹ کو بہتر بنا دیا ہے تا کہ مسافروں کو آن لائن بکنگ کرانے میں مزید آسانیاں فراہم ہوں اور وہ مختلف سیکٹرز پر بکنگ کرا سکیں۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ شروع کے چند ہفتوں میں اس نئی ویب سائٹ کو آزمائشی بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے اور مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں اس کا باقاعدہ استعمال شروع کر دیا جائے گا۔

پی آئی اے نے ویب سائٹ کے ذریعے بکنگ کرانے پر خصوصی کرائے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے ذریعے مسافر اپنی مطلوبہ پرواز سے 360 دن پہلے بھی بکنگ کرا سکیں گے۔ 2017ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران ہی آن لائن چیکنگ اور اضافی سامان کیلئے بھی سہولیات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے نے پہلے ہی سمارٹ فونز کیلئے اپیلی کیشن متعارف کرادی جس کا ابتدائی استعمال جاری ہے اور اس کا معمول کا ا ستعمال ویب سائٹ کے ساتھ لانچ کر دیا جائے گا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے کہا ہے کہ پی آئی اے مسافروں کی سہولیات میں اضافہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ان نئی تبدیلیوں سے پی آئی اے کی آن لائن سیلز میں بہتری آنے کے ساتھ ساتھ قومی ائر لائن کی ساکھ بھی مزید مستحکم ہو گی۔