سندھ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے، وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:33

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے، شہر میں انفرااسٹرکچر، امن و امان بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے انسٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی ای) کے کانووکیشن 2016ء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت بزنس کے شعبے میں آئی بی اے کی جانب سے نمایاں خدمات کو سراہتی ہے اور ہم اس ادارے کو وسائل کی فراہمی میں مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ یہ ادارہ مستقبل میں ترقی کی مزید منزلیں طے کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے 100 ملین روپے کی گرانٹ کی فراہمی کا مقصد یہ ہے کہ آئی بی اے پاکستان باالخصوص صوبہ سندھ کی معاشی ترقی میں اپنا فعال کردار بہتر طریقے سے ادا کرے۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے بطور وزیر خزانہ سینٹر آف بزنس اینڈ اکنامک ریسرچ (سی بی ای آر) کا افتتاح کیا تھا اس وقت سندھ حکومت نے آئی بی ای کراچی کے ساتھ ایک سروسز ایگریمینٹ پر دستخط کئے تھے جس کا مقصد باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ سی بی ای آر نے اپنے آغاز بشمول ریسرچ گرانٹ کے قیام سے انہوں نے آئی بی اے ورکنگ پیپرز کی سیریز شروع کی ہے۔

سیمینارز اور کانفرنسوں کا اہتمام کیا ہے اور محکمہ تعلیم اور سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور آئی بی اے کے درمیان سروسز معاہدوں کے ذریعے ہم نے پرووینشل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں کارکردگی میں اضافے کے لئے کام کیا ہے اور متعلقہ افسران کے تربیتی پروگرام کے لئے جس کی لاگت 50 ملین ڈالر ہے جو ورلڈ بینک کے ترقیاتی جائزہ پروجیکٹ کا حصہ ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ آئی بی اے نے ان طلباء کے لئے اپنے پروگراموں کے ذریعے موقع فراہم کیا ہے جو کہ پسماندہ علاقوں سے تعلیم کے لئے اس اعلیٰ ادارے میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعی شاندار انتظامات ہیں جس سے نہ صرف یہ کہ تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ اس سے آئندہ سالوں میں سماجی اور معاشی بہتری بھی آئیگی۔

طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج کا دن آپ کا ہے اور آج آپ نے اپنی زندگی کا ایک مرحلہ مکمل کیا ہے جہاں پر آپ نے قابل اساتذہ سے تعلیم حاصل کی ہے اور آپ اپنی زندگی کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے خوابوں کی تکمیل کے لئے سخت محنت کریں۔ انہوں نے پاسنگ آئوٹ طلباء، ان کے والدین اور اساتذہ کو پروفیشنل بیچ تشکیل دینے پر مبارکباد دی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے پوزیشن ہولڈرز کو ڈگریاں دیں۔

متعلقہ عنوان :