اسلامی تہذیب کا دفاع اپنے خون سے کرینگے‘ عبدالجلیل جان

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:33

پشاور۔03دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)تاسیس جمعیت کا اجتماع بین الاقوامی سیاست کا رخ موڑ دیگا‘ اپریل 2017میں غیر ملکی ایجنڈا زمین بوس ہو گا، اسلامی تہذیب کا دفاع اپنے خون سے کرینگے۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام صوبہ خیبر پختواکے سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان ، ڈپٹی سیکرٹری مولانا عین الدین شاکر نے ایبٹ آباد اور ہری پور میں ضلعی مجالس عمومی اراکین ، شوریٰ اور یونین کونسل کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع سے ایبٹ آباد کے ضلعی امیر قاری محبوب الرحمان قریشی، شکیل اختر جدون، ہری پور کے امیر حافظ ریحان ، قاری محمد یعقوب ، احسان علی، قاضی عبدالحلیم ، مولانا عبدالجلیل جان، اور دیگر ارکان نے بھی خطاب کیا، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنماوں نے ہزارہ ڈویژن بالخصوص ہری پور اور ایبٹ آباد میں تاسیس جمعیت کے حوالہ سے کارکردگی اور جہدوجہد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہزارہ ڈویژن کے عوام عالمی اجتماع میں شریک ہو کر سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے عزائم کو خاک میں ملادینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 7,8,9اپریل 2017کا عالمی اجتماع جمعیت علماء کی صد سالہ جدوجہد کا ثمر ہے اور یہ اجتماع مظلوم طبقات کیلئے ایک موئثر آواز ثابت ہوگی اور بین الاقوامی سیاست کے ساتھ ساتھ ملکی سیاست کا رخ موڑدیگا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اسلامی تہذیب کادفاع نامساعد حالات کے باوجود کررہی ہے اور مغربی تہذیب کا راستہ روکنے کیلئے میدان عمل میں جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اجتماع میں دنیا بھر سے عالمی شخصیات شریک ہونگی۔