سو روزہ صفائی مہم میں دستیاب وسائل کے مطابق مثبت نتائج سامنے آئیں گے، میئرکراچی

تمام شہریوں صفائی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جگہ جگہ کچرا نہ پھینکیں ، وسیم اختر کی شہریوں سے درخواست

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سو روزہ صفائی مہم کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے کام تیزی سے جاری ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر کمشنر کراچی سے بھی اس حوالے سے میٹنگ ہوئی ہے صفائی مہم میں جو بھی انتظامی تعاون ہوسکے گا، بالخصوص سو روزہ اس صفائی مہم میں انتظامیہ بھر پور تعاون کرے گی، یہ بات انہوں نے سو روزہ صفائی مہم کے حوالے سے ضلع وسطی میں یوسی 18 میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین شاکر علی سمیت اراکین اسمبلی محفوظ یار خان ایڈ ووکیٹ، جمال خان، عظیم فاروقی اور دیگر بھی موجود تھے قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر کی آمد پر وہاں موجود بھوری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے میئر کراچی کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے دعائیں دیں،اس موقع پر میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کراچی شہر میں مختلف مقامات پر کچرے کے ڈھیر کے علاوہ ان لٹکتے ہوئے تاروں سے بھی بدصورتی پیدا ہورہی ہے جو مختلف مقامات پر فٹ پاتھوں پر لٹکنے ہوئے اور بکھرے ہوئے نظر آرہے ہیں انہوں نے کہا کہ ان تاروں کو ان کی اصل حالت میں لگانے کیلئے متعلقہ اداروں سے بات کی جارہی ہے تاکہ جلد ہی ان لٹکے ہوئے تاروں کو درست کردیا جائے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ اس سو روزہ صفائی مہم میں دستیاب وسائل کے مطابق مثبت نتائج سامنے آئیں گے انہوں نے کہا کہ بارہ ربیع الاول کی آمد کے پیش نظر طے شدہ پروگرام سے ہٹ کر بھی مساجد اور جلوس کی گزرگاہوں کے اطراف صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ میں تمام شہریوں سے درخواست کروں گا کہ وہ صفائی کے کاموں میں خود بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جگہ جگہ کچرا نہ پھینکیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو بھی سیوریج نظام کی درستگی کے لئے واضح ہدایات دے دی ہیں جہاں جہاں بھی سیوریج مسائل یا پانی کے رسائو کی شکایت ہیںانہیں واٹر بورڈ درست کرے گا، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سو روزہ صفائی مہم میں جو کام بھی کئے جارہے ہیں وہ روز مرہ کاموں سے ہٹ کر ہیں اس موقع پر انہوں نے سوداگر اپارٹمنٹ بلاک اے، نارتھ ناظم آباد کے دکانداروں سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ چونکہ اس مقام پر صفائی کے کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے لہٰذا تمام دکاندار یہاں کچرا پھینکنے سے اجتناب برتیں، انہوں نے کہا کہ چیئرمین ضلع وسطی کچرا ڈالنے کیلئے ایک مخصوص مقام کا تعین کریں گے تمام دکاندار اپنا کچرا وہاں رکھیں تاکہ اسے وہاں سے بر وقت اٹھا لیا جائے قبل ازیں چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ 12 ربیع الاول کی آمد آمد ہے لہٰذا ہم خصوصی طور پر ضلع وسطی میں مساجد اور جلوس کی گزرگاہوں کی مقامات کو صاف کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع وسطی میں کچرا اٹھانے کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھوں پر رنگ و روغن بھی کیا جارہا ہے انہوں نے بتایا کہ ہر زون میں ایک یوسی کو منتخب کرکے اس میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر کام کئے جارہے ہیں۔