ڈی جی رینجرزسندھ نے سیلانی سافٹ ویئرہائوس اور انکیوبیٹر کا افتتاح کیا

سندھ رینجرزہرکام کے لئے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے ساتھ ہے،میجر جنرل بلال اکبر

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کی جانب سے سیلانی آئی ٹی ماس ٹریننگ کنووکیشن کے حوالے سے سیلانی ویلفیئر کے ہیڈ آفس میں ہفتہ3 دسمبر 2016ء کو منعقد کی گئی تقریب میںمیجر جنرل بلال اکبر (ڈی آئی جی رینجرز سندھ) نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر میاں سومرو، شمیم فرپو، جاوید غوری، محسن شیخانی، فرحان حنیف، رفیق سلیمان، آصف اسماعیل، عاطف کولاچی اور دیگر معزز تجارتی شخصیات موجود تھے، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد بشیر فاروقی، جوائنٹ سیکرٹر عامر اقبال مدنی رضا اور ٹرسٹی و ممبر منیجنگ کمیٹی امجد چامڑیا نے تقریب سے خطاب کیا اور ٹرسٹ کے صدر محمد یوسف لاکھانی نے مہمانان گرامی کو اعزازی شیلڈ پیش کیں، تقریب کے آغاز پر میجر جنرل بلال اکبر نے سیلانی سافٹ ویئر ہائوس اینڈ انکیوبیٹر کا افتتاح بھی کیا،بعد ازاں میجر جنرل بلال اکبر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ ہمارے پیارے نبی ﷺ کے طرز زندگی پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ آپ لوگ سیلانی ویلفیئر کے پلیٹ فارم سے ایک ہونہار ہنر مند بن کر پاکستان کی ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔ ڈی جی رینجرز سندھ کا کہنا تھا کہ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے تمام ٹرسٹی و ممبر منیجنگ کمیٹی اور اسٹاف خیر نصیب ہیں کیونکہ یہ لوگ پاکستان کی خیر کے لیے بہترین انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئر اور سندھ رینجرز سی پیک پرووکیشنل ٹریننگ کے لیے مل کر کام کریں گے اور ہم سب مل کر ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے طلبا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے اور مولانا محمد بشیر فاروقی نے خصوصی دعا کی۔