نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ،اس کیلئے کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا ہو گا

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کا دوسرے رانا عبدالرحیم میموریل فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنا منٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:29

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا ہو گا۔ وہ ہفتہ کو ایم این اے مہر اشتیاق احمد کے ہمراہ سبزہ زار کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرے رانا عبدالرحیم میموریل فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنا منٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ رانا عبدالرحیم فڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد کھیلوں کا فروغ ہے۔حکومتی سرپرستی میں کھیلوں کے انعقاد سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کرکٹ ٹورنا منٹ میں حصہ لینے والے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے محنت اور لگن سے پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں میں کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کی تعمیر کے لیے اشد ضروری ہے۔

کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام ممکن وسائل مہیا کئے جائیں گے تا کہ کھلاڑی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوا سکیں اوردنیا بھر میںملک و قوم کا نام روشن کر یں۔ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں اور ایم این اے مہر اشتیاق احمد نے نے افتتاحی میچ میں حصہ لے کر دوسرے رانا عبدالرحیم فلڈلائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ رانا عبدالرحیم میموریل فلڈ لائٹ ٹورنامنٹ میں پی پی 149کی تمام یونین کونسلز سے 165ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور پہلی، دوسری اور تیسری پوزشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔