صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کا کٹار بند کے علاقے میں دوائیوں کی غیر قانونی فیکٹری پر چھاپہ

بائیوکیئر نیوٹرا سیوٹیکل کے نام سے فیکٹری میں ہربل ادویات غیر قانونی طور پر تیار کی جا رہی تھیں ادویات کی فیکٹریوں کے نام پر قتل گاہیں چلانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا ئے گی ،خواجہ عمران نذیر

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر برائے پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ پنجاب و چیئرمین چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے انسداد جعلی ادویات خواجہ عمران نذیر نے ڈرگ انسپکٹرز کے سکواڈ کے ہمراہ ہفتہ کے روز کٹار بند ٹھوکرنیاز بیگ کے علاقے میں ہربل ادویات تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹری پر چھاپہ مار کر بچوں کے فوڈ سپلیمنٹ ،پیٹ درد،معدے کے علاج میں استعمال ہونے والے سیرپ اور قوت بخش سیرپ ،مشینری ،پرنٹنگ میٹریل اور خالی بوتلوں کی بڑی مقدار قبضہ میں لے لی۔

فیکٹری میں بچوں کے لیے فوڈ سپلیمنٹ سی مام کمپلان پازموڈین سیرپ ،گیس کارڈ سیرپ،اور دیگر اقسام کے شربت غیر قانونی طور پر تیار کیے جارہے تھے جبکہ فیکٹری میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص تھی۔

(جاری ہے)

موقع پر گرفتار ہونے والے ایک ملازم عبداللہ نے بتایا کہ فیکٹری کا مالک پشاور کا رہنے والا ہے جو اپنے گھر گیا ہوا ہے۔صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ فیکٹری میںغیر قانونی طور پر تمام ادویات تیار کی جا رہی تھیںاور یہ فیکٹری بلا لائسنس کام کر رہی تھی مزید برآں فیکٹری کے اندر ادویات سازی کا تمام پراسیس انتہائی ناقص اور حفظان صحت کے اصولوں کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قانون کے مطابق رجسٹرڈ ادویہ ساز فیکٹریوں اور اعلیٰ معیار کی ادویات تیار کرنے والوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کر رہی ہے لیکن غیر قانونی،جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی اور ادویات کی فیکٹریوں کے نام پر قتل گاہیں چلانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیرمعیاری اور جعلی ادویات تیار کرنے والوں کے بارے میں اطلاع دینے والوں کو دس لاکھ روپے انعام دیا جائے گا اور اس کا نام بھی خفیہ رکھا جائے گا۔

اس موقع پر محکمہ صحت کے ڈرگ انسپکٹرز کی ٹیم جس میں شوکت وہاب،عمران سرفراز،طفیل محمود،کمال سکندر ،رحیم احمد ،رانا شاہد ظفر کو وزیر صحت نے شاباش دی ۔ چھاپہ مار ٹیم نے فیکٹری میں موجود خام مال اور تیار ادویات کا سٹاک قبضہ میں لے کر فیکٹری کو سر بمہر کردیا

متعلقہ عنوان :